کینیڈا نے پاکستان میں حالیہ بارشوں اور شدید سیلاب سے متاثرہ افراد کے لیے 26 لاکھ ڈالر کی امداد فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ یہ اعلان کینیڈا کے وزیر مملکت رندیپ سرائے کی جانب سے کیا گیا، جو حالیہ دنوں میں پاکستان کے دورے پر ہیں۔
کینیڈین وزیر مملکت نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان میں جاری بارشوں اور تباہ کن سیلاب کی وجہ سے لاکھوں افراد متاثر ہوئے ہیں، جب کہ متعدد قیمتی جانیں بھی ضائع ہوئیں۔ انہوں نے کہا کہ کینیڈا پاکستانی عوام کے ساتھ اس مشکل وقت میں کھڑا ہے۔
رندیپ سرائے کے مطابق یہ امدادی رقم انسانیت کے لیے کام کرنے والی بین الاقوامی اور مقامی فلاحی تنظیموں کے ذریعے تقسیم کی جائے گی تاکہ متاثرہ خاندانوں کی فوری ضروریات پوری کی جا سکیں، جن میں خوراک، صاف پانی، طبی امداد اور پناہ شامل ہے۔
یہ اعلان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب مختلف عالمی ادارے اور ممالک پاکستان میں سیلاب سے پیدا ہونے والی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے امداد فراہم کر رہے ہیں۔ اس سے قبل یورپی یونین نے 35 کروڑ روپے جبکہ ایشیائی ترقیاتی بینک (ADB) نے 30 لاکھ ڈالر کی ہنگامی امداد کا اعلان کیا تھا۔
کینیڈا کا یہ اقدام عالمی برادری کی جانب سے پاکستان کے ساتھ اظہارِ یکجہتی اور انسانی ہمدردی کے جذبے کا مظہر ہے۔