ایران میں مسافر بس کے خوفناک حادثے میں 13 افراد جاں بحق

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

ایران میں ایک افسوسناک ٹریفک حادثے کے نتیجے میں 13 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ متعدد مسافر زخمی ہو گئے۔ حادثہ وسطی ایران کے ایک مصروف ہائی وے پر پیش آیا، جہاں مسافروں سے بھری بس الٹ گئی۔ جاں بحق ہونے والوں میں بس اور ٹیکسی کے مسافر شامل ہیں۔

latest urdu news

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والی بس اصفہان سے شمال مشرقی شہر مشہد کی جانب رواں دواں تھی۔ دورانِ سفر بس اچانک ہائی وے پر بے قابو ہو گئی اور سڑک کے درمیان نصب مرکزی گارڈ ریل سے ٹکرا گئی۔ تصادم کے بعد بس مخالف لین میں جا گری اور الٹنے کے دوران ایک ٹیکسی سے بھی ٹکرا گئی، جس کے باعث جانی نقصان میں اضافہ ہوا۔

میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ حادثے کے نتیجے میں بس میں سوار 11 مسافر موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے، جبکہ ٹیکسی میں موجود دو افراد بھی حادثے کی شدت برداشت نہ کر سکے اور دم توڑ گئے۔ اس طرح مجموعی طور پر 13 افراد ہلاک ہوئے، جس سے علاقے میں سوگ کی فضا قائم ہو گئی۔

حادثے میں خواتین سمیت کم از کم 13 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں جنہیں فوری طور پر قریبی اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا۔ زخمیوں میں بعض کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے، تاہم اسپتال انتظامیہ کے مطابق تمام زخمیوں کو ضروری طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

مسافر بس کھائی میں جا گری، 8 افراد جاں بحق

حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں، پولیس اور ہنگامی طبی عملہ جائے وقوعہ پر پہنچ گیا۔ امدادی کارروائیوں کے دوران سڑک کو کچھ دیر کے لیے بند بھی کرنا پڑا، جس سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی۔ بعد ازاں گاڑیوں کو ہٹا کر ٹریفک بحال کر دی گئی۔

ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ ابتدائی طور پر تیز رفتاری یا ڈرائیور کی غفلت کو حادثے کی ممکنہ وجہ قرار دیا جا رہا ہے، تاہم حتمی نتائج تحقیقات مکمل ہونے کے بعد سامنے آئیں گے۔

واضح رہے کہ ایران میں مسافر بسوں کے حادثات ماضی میں بھی پیش آتے رہے ہیں، جس پر ٹریفک قوانین پر عملدرآمد اور سڑکوں کی حالت بہتر بنانے سے متعلق سوالات اٹھتے رہے ہیں۔ حالیہ حادثے نے ایک بار پھر سڑکوں پر حفاظتی اقدامات کی ضرورت کو اجاگر کر دیا ہے۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter