بی جے پی نے مسلم خاتون کرنل صوفیہ کو دہشتگردوں کی بہن قرار دیدیا

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

بھارت کی حکمران جماعت بی جے پی کے سینیئر لیڈر اور مدھیہ پردیش کے وزیر، وجے شاہ، نے ایک متنازع بیان میں بھارتی فوج کی مسلم خاتون افسر، کرنل صوفیہ قریشی، کو نشانہ بناتے ہوئے انہیں دہشتگردوں کی بہن قرار دے دیا۔

یاد رہے کہ کرنل صوفیہ قریشی نے "آپریشن سندور” کے حوالے سے میڈیا کو بریفنگ دی تھی جس میں انہوں نے پاک فوج کی جوابی کارروائیوں سے ہونے والے بھارتی نقصانات کی تفصیل بیان کی تھی۔

latest urdu news

وجے شاہ نے کرنل صوفیہ کے اس کردار کو سراہنے کے بجائے ان کی مذہبی شناخت کو بنیاد بنا کر الزام تراشی کی اور اپنی ہی فوج کی ناکامی کو چھپانے کے لیے مسلمانوں پر نفرت انگیز حملہ کر دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ "دہشتگردوں نے ہمارے ہندو بھائیوں کو بے دردی سے قتل کیا، اور جواب میں مودی جی نے انہی کی قوم کی عورت کو بھیجا تاکہ بدلہ لیا جا سکے۔”

اس بیان کے بعد ملک بھر میں شدید تنقید کی لہر دوڑ گئی اور اپوزیشن جماعت کانگریس نے وجے شاہ کے فوری استعفے کا مطالبہ کر دیا۔ کانگریس صدر ملک ارجن کھرگے نے اس بیان کو اشتعال انگیز، نامناسب اور قوم کو تقسیم کرنے والا قرار دیتے ہوئے کہا کہ "جس کسی نے بھی یہ نفرت پر مبنی بیان دیا ہے اسے فوراً برطرف کیا جانا چاہیے۔”

وجے شاہ نے بعد میں ردعمل کے طور پر ایک وضاحتی بیان جاری کیا جس میں کہا کہ اگر ان کے الفاظ سے کسی کو دکھ پہنچا ہے تو وہ معافی کے لیے تیار ہیں اور کرنل صوفیہ کو اپنی بہن سے بڑھ کر عزت دیتے ہیں۔

یاد رہے کہ بھارت نے 22 اپریل کو مقبوضہ کشمیر کے علاقے پہلگام میں ہونے والے دہشتگرد حملے کا الزام بغیر کسی ثبوت کے پاکستان پر عائد کیا، حالانکہ پاکستان نے شفاف تحقیقات کی پیشکش کی تھی، اس کے باوجود بھارت نے یکطرفہ طور پر سندھ طاس معاہدہ معطل کر دیا اور 6 اور 7 مئی کی درمیانی شب پاکستان اور آزاد کشمیر کے کئی علاقوں پر بمباری کی، جس میں 31 بے گناہ شہری شہید اور متعدد زخمی ہوئے۔

پاکستانی افواج نے بھرپور جوابی کارروائی کرتے ہوئے بھارت کے 3 رافیل طیارے، 5 جنگی جہاز اور کئی فوجی چوکیاں تباہ کیں۔ بھارت کی طرف سے ہیروپ ڈرونز کے ذریعے حملے کی کوشش بھی ناکام بنا دی گئی۔

10 مئی کو بھارت نے نور خان ایئر بیس اور رحیم یار خان ایئرپورٹ کو نشانہ بنایا جس کے جواب میں پاکستان نے ادھم پور اور آدم پور سمیت کئی بھارتی ایئر فیلڈز کو تباہ کر دیا۔

پاکستانی فورسز نے بھارت کے جدید ترین فضائی دفاعی نظام ایس-400 کو بھی تباہ کر دیا، جبکہ سائبر حملوں کے ذریعے بھارت کی 70 فیصد بجلی کی فراہمی مفلوج کر دی گئی۔

بھارت کی اس ہزیمت کے بعد بالآخر اس نے امریکہ سے جنگ بندی کے لیے مداخلت کی اپیل کی، جس پر امریکا نے قطر، سعودی عرب اور ترکیہ کے ساتھ مل کر 10 مئی کی شام دونوں ممالک کے درمیان جنگ بندی کروائی۔

شیئر کریں:
frontpage hit counter