امریکی ریاست آئیووا کے رہائشی کو سالگرہ پر ملنے والا تحفہ زندگی کا خوشگوار ترین لمحہ بن گیا۔ 42 سالہ کرسچن جانسن نے اپنی سالگرہ پر دوست کی جانب سے دیے گئے اسکریچ آف میگا کراس ورڈ لاٹری ٹکٹ سے 1 لاکھ امریکی ڈالر کا انعام جیت لیا۔
جانسن نے آئیووا لاٹری حکام کو بتایا کہ وہ اپنی گرل فرینڈ اور دوستوں کے ساتھ سالگرہ منانے میں مصروف تھے جب ایک دوست نے تحفے کے طور پر کئی اسکریچ آف لاٹری ٹکٹ دیے۔ ان میں سے ایک ٹکٹ جانسن کی گرل فرینڈ نے اسکریچ کیا اور خوشی سے چیختے ہوئے انہیں بتایا کہ وہ ممکنہ طور پر بڑی رقم جیت چکے ہیں۔
کرسچن جانسن کا کہنا تھا کہ انہیں ابتدا میں یقین نہیں آیا، وہ سمجھے کہ شاید یہ مذاق ہے، لیکن جلد ہی انہیں معلوم ہوا کہ وہ واقعی 1 لاکھ ڈالر کے خوش نصیب فاتح ہیں۔
انہوں نے کہا، "ابھی بھی یقین نہیں آ رہا، میں رات بھر سو نہیں سکا۔ یہ جیت میرے لیے ایک حیران کن تحفہ ہے۔”
جانسن نے بتایا کہ انہوں نے ابھی اس رقم کے استعمال کا کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا، لیکن اتنی بڑی رقم ملنا انہیں ذہنی سکون ضرور دے گا۔
یہ واقعہ ایک بار پھر ثابت کرتا ہے کہ قسمت کہیں سے بھی دستک دے سکتی ہے — یہاں تک کہ ایک سالگرہ کے تحفے سے بھی!