ڈھاکا میں ایف-7 بی جی آئی تربیتی طیارہ کالج کی عمارت پر گر گیا، ایک شخص ہلاک، چار زخمی، عمارت کو شدید نقصان
ڈھاکا: بنگلادیش ایئرفورس کا ایک تربیتی طیارہ پیر کی دوپہر دارالحکومت ڈھاکا میں گر کر تباہ ہو گیا، جس کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک اور چار افراد زخمی ہو گئے۔
بنگلادیشی میڈیا کے مطابق، یہ حادثہ مقامی وقت کے مطابق ایک بج کر چھ منٹ پر پیش آیا، جب تربیتی پرواز کے دوران طیارہ اچانک تکنیکی خرابی کا شکار ہو کر ڈھاکا کے مصروف علاقے اتارا میں ایک کالج کی عمارت پر آ گرا۔
واقعے کے فوری بعد امدادی اداروں کے اہلکار جائے حادثہ پر پہنچ گئے اور زخمیوں کو نکال کر فوری طور پر فوجی اسپتال (سی ایم ایچ) منتقل کیا گیا۔ حادثے کے نتیجے میں کالج کی عمارت میں آگ بھڑک اٹھی اور عمارت کو شدید نقصان پہنچا۔ آگ پر قابو پانے کے لیے فائر بریگیڈ کی کئی گاڑیاں موقع پر روانہ کی گئیں۔
بنگلادیشی فوج کی جانب سے اس افسوسناک واقعے کی تصدیق کر دی گئی ہے، اور بتایا گیا ہے کہ تباہ ہونے والا طیارہ بنگلادیش ایئرفورس کا ایف-7 بی جی آئی تربیتی جہاز تھا، جو معمول کی مشق پر تھا۔ تاہم، فوج نے واقعے میں پائلٹ کی حالت یا ممکنہ ہلاکتوں کے بارے میں فی الحال کوئی تفصیل جاری نہیں کی۔
عینی شاہدین کے مطابق، حادثے کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ آس پاس کے رہائشی علاقے میں بھی زوردار دھماکے کی آواز سنی گئی اور گرد و نواح میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں تاکہ حادثے کی اصل وجوہات کا تعین کیا جا سکے۔
یاد رہے کہ بنگلادیش ایئرفورس کے ایف-7 طیارے چینی ساختہ ہیں اور انہیں کئی سال سے تربیتی و دفاعی مشقوں میں استعمال کیا جا رہا ہے۔ اس سے قبل بھی ایسے طیاروں کے حادثات رپورٹ ہوتے رہے ہیں، جن پر ایوی ایشن ماہرین تکنیکی اپ گریڈ اور تربیتی نظام پر نظرثانی کی تجویز دیتے رہے ہیں۔