آسٹریلیا کی ریاست نیو ساؤتھ ویلز میں طوفانی بارشوں کے باعث شدید سیلابی صورتحال نے جنم لے لیا، جس کے نتیجے میں 2 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ 2 افراد تاحال لاپتا ہیں۔
غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق، نیو ساؤتھ ویلز میں حالیہ بارشوں کو ریکارڈ سطح کی بارشیں قرار دیا گیا ہے، جس کے بعد حکام نے اس خطے کو آفت زدہ قرار دے دیا ہے۔
ریاست بھر میں تقریباً 50 ہزار افراد کو نقل مکانی کی ہدایات جاری کی گئی ہیں، جبکہ ایمرجنسی سروسز کے دو ہزار اہلکار امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔
ریسکیو اداروں کے مطابق، کئی علاقوں میں سڑکیں زیرِ آب آچکی ہیں اور متعدد نشیبی علاقے مکمل طور پر سیلاب میں گھر گئے ہیں، اسی دوران 100 سے زائد اسکولوں میں تعلیمی سرگرمیاں معطل کر دی گئی ہیں، جبکہ درجنوں گھروں کو بجلی کی فراہمی بھی معطل ہو چکی ہے۔
محکمہ موسمیات نے آئندہ چند روز میں مزید بارشوں کی پیشگوئی کی ہے، جس کے باعث متاثرہ علاقوں میں خطرات مزید بڑھ سکتے ہیں، حکام نے شہریوں کو محتاط رہنے اور مقامی ریسکیو اداروں کی ہدایات پر عمل کرنے کی اپیل کی ہے۔