بھارتی ریاست آسام میں جنگلی حیات اور تیز رفتار ریل نظام کے ٹکراؤ کا ایک اور افسوسناک واقعہ سامنے آیا ہے جہاں ایک مسافر ٹرین ہاتھیوں کے جھنڈ سے ٹکرا گئی، جس کے نتیجے میں آٹھ ہاتھی ہلاک جبکہ ایک کم عمر ہاتھی شدید زخمی ہو گیا۔ حادثے میں ٹرین کا انجن اور متعدد بوگیاں بھی پٹڑی سے اتر گئیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ رات تقریباً دو بجے پیش آیا، جب راجدھانی ایکسپریس ایک ایسے ریلوے ٹریک سے گزر رہی تھی جو جنگلاتی علاقے کے قریب واقع ہے۔ اسی دوران ہاتھیوں کا ایک جھنڈ پٹڑی عبور کرنے کی کوشش کر رہا تھا کہ تیز رفتار ٹرین اچانک ان کے سامنے آ گئی۔
ٹرین کے ڈرائیور نے ہاتھیوں کو دیکھتے ہی ایمرجنسی بریک لگانے کی کوشش کی، تاہم رفتار زیادہ ہونے کے باعث ٹرین بروقت نہ رک سکی اور خوفناک تصادم ہو گیا۔ ٹکر اتنی شدید تھی کہ انجن سمیت کم از کم چار سے پانچ بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں۔ خوش قسمتی سے ٹرین میں سوار تمام مسافر محفوظ رہے اور کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
حادثے کے نتیجے میں آٹھ ہاتھی موقع پر ہی ہلاک ہو گئے، جبکہ ایک زخمی بچے ہاتھی کو فوری طور پر قریبی ویٹرنری اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ حکام کے مطابق زخمی ہاتھی کی حالت اب خطرے سے باہر ہے اور اس کا علاج جاری ہے۔
ماہرین کے مطابق آسام کے کئی ریلوے ٹریکس ایسے جنگلاتی علاقوں سے گزرتے ہیں جہاں ہاتھی، ہرن اور دیگر جنگلی جانور جھنڈ کی صورت میں نقل مکانی کرتے ہیں۔ بڑھتی ہوئی انسانی آبادی، جنگلات کی کٹائی اور قدرتی مسکن کی تباہی کے باعث جنگلی حیات کو خوراک اور محفوظ راستوں کی تلاش میں سڑکوں اور ریلوے لائنوں کو عبور کرنا پڑتا ہے، جس کے نتیجے میں ایسے حادثات معمول بنتے جا رہے ہیں۔
ماحولیاتی کارکنوں نے اس واقعے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ جنگلاتی علاقوں میں ٹرینوں کی رفتار محدود کی جائے، وارننگ سسٹمز نصب کیے جائیں اور جنگلی جانوروں کے لیے محفوظ گزرگاہیں بنائی جائیں تاکہ قیمتی جانوں کا ضیاع روکا جا سکے۔
