بھارتی ریاست گجرات میں واقع ایک سرکاری اسپتال میں ڈاکٹروں نے ایک غیرمعمولی آپریشن کے دوران سات سالہ بچے کے معدے اور آنتوں سے بالوں، گھاس اور جوتے کے فیتے کا گچھا کامیابی سے نکال لیا۔
ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق متاثرہ بچہ، شبھم، مدھیہ پردیش کے ضلع رتلام سے تعلق رکھتا ہے اور گزشتہ دو ماہ سے مسلسل پیٹ درد، متلی، اور وزن میں کمی کی شکایت کر رہا تھا۔ مقامی اسپتال سے علاج نہ ہونے پر اسے احمد آباد کے سول ہسپتال منتقل کیا گیا۔
سول ہسپتال میں ہونے والے سی ٹی اسکین اور اینڈوسکوپی نے انکشاف کیا کہ بچے کے معدے میں غیرمعمولی اشیاء موجود ہیں۔ ڈاکٹروں نے فوری طور پر ایک پیچیدہ سرجری کی، جس میں انہوں نے لیپروٹومی کے ذریعے بالوں کا بڑا گچھا اور جوتے کا تسمہ نکال لیا۔
ڈاکٹرز کے مطابق، آپریشن کے بعد جب ساتویں دن ڈائی ٹیسٹ کیا گیا تو یہ تصدیق ہوئی کہ معدے میں مزید کوئی غیر ضروری مواد موجود نہیں۔ شبھم کی حالت اب بہتر ہے اور اسے اسپتال سے ڈسچارج کر دیا گیا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ شبھم ایک نایاب نفسیاتی و جسمانی حالت "ٹریچوبیزوآر” کا شکار تھا، جس میں انسان بال یا دیگر ناقابلِ ہضم اشیاء نگل لیتا ہے، اور وہ معدے میں جمع ہو کر گولہ بنا لیتی ہیں۔ اس بیماری کی علامات میں پیٹ میں مسلسل درد، متلی، بھوک میں کمی، وزن کا گھٹنا اور قبض شامل ہیں۔
ڈاکٹروں نے والدین کو مشورہ دیا ہے کہ وہ بچوں کی عادات پر کڑی نظر رکھیں، خاص طور پر ایسی غیر معمولی سرگرمیوں پر جو طبعی یا نفسیاتی مسائل کی نشاندہی کرتی ہوں، تاکہ بروقت علاج ممکن ہو اور کسی بڑے نقصان سے بچا جا سکے۔