افغانستان میں 6.2 شدت کے زلزلے سے تباہی، 250 جاں بحق، 500 سے زائد زخمی

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

کابل، افغانستان میں گزشتہ شب آنے والے شدید زلزلے نے بڑے پیمانے پر تباہی مچا دی۔

زلزلے کے نتیجے میں اب تک 250 افراد جاں بحق جبکہ 500 سے زائد زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔ حکام کے مطابق یہ اعداد و شمار ابتدائی ہیں اور ہلاکتوں میں مزید اضافے کا خدشہ ہے۔

latest urdu news

عالمی میڈیا اور امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق زلزلے کی شدت 6.2 ریکارڈ کی گئی۔ زلزلے کا مرکز صوبہ ننگرہار کے شہر جلال آباد کے قریب تھا جبکہ اس کی گہرائی 8 کلومیٹر تھی۔

زلزلہ مقامی وقت کے مطابق رات 11 بج کر 47 منٹ پر آیا۔ تقریباً 20 منٹ بعد اسی علاقے میں 4.5 شدت کا آفٹر شاک بھی محسوس کیا گیا، جس کی گہرائی 10 کلومیٹر تھی۔

صوبہ ننگرہار کے ضلع نورگل میں کئی دیہات مکمل طور پر ملبے تلے دب چکے ہیں۔ امدادی ٹیمیں ان علاقوں میں پہنچ چکی ہیں، تاہم دور دراز دیہات سے رابطے بحال نہ ہونے کے باعث صورتحال کی مکمل تفصیل تاحال سامنے نہیں آ سکی۔

طالبان حکومت کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں تصدیق کی کہ زلزلے کے نتیجے میں شدید جانی و مالی نقصان ہوا ہے۔ ان کے مطابق مرکز اور قرب و جوار کے صوبوں سے امدادی ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں بھیج دی گئی ہیں اور ریسکیو و بحالی کا عمل جاری ہے۔

زلزلے کے جھٹکے پاکستان کے کئی شہروں میں بھی محسوس کیے گئے، جن میں اسلام آباد، لاہور، پشاور، مردان، چکوال، ٹیکسلا، واہ کینٹ، ایبٹ آباد، مانسہرہ اور سوات شامل ہیں۔

زلزلہ پیما مرکز کے مطابق پاکستان میں زلزلے کی شدت 6.0 جبکہ گہرائی 15 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی۔ بعد ازاں 4.6 شدت کے آفٹر شاکس بھی محسوس کیے گئے۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter