13 سالہ افغان لڑکا طیارے کے لینڈنگ گیئر میں چھپ کر دہلی پہنچ گیا

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

افغانستان سے تعلق رکھنے والا 13 سالہ لڑکا ایک حیران کن اور خطرناک طریقے سے بھارت کے دارالحکومت دہلی پہنچ گیا۔ اس نے کابل ایئرپورٹ پر افغان ایئرلائن کی ایک پرواز کے لینڈنگ گیئر کمپارٹمنٹ میں چھپ کر سفر کیا، جو کہ کسی بھی مسافر کے لیے نہایت جان لیوا مقام سمجھا جاتا ہے۔

latest urdu news

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ اس وقت سامنے آیا جب دہلی ایئرپورٹ پر پرواز کی لینڈنگ کے بعد ایئرلائن کے عملے نے ایک لڑکے کو طیارے کے نیچے دیکھا اور فوراً سیکیورٹی حکام کو اطلاع دی۔ لڑکا کابل ایئرپورٹ کے سخت سیکیورٹی والے حصے سے چھپ کر طیارے کے نچلے حصے میں داخل ہوا تھا۔ دہلی پہنچنے تک طیارہ تقریباً دو گھنٹے کی پرواز مکمل کر چکا تھا۔

ابتدائی تفتیش سے معلوم ہوا کہ لڑکا افغانستان کے شمالی شہر قندوز کا رہائشی ہے۔ اس نے یہ خطرناک قدم محض تجسس کی بنیاد پر اٹھایا تھا، اور اسے اس بات کا اندازہ نہیں تھا کہ طیارے کے لینڈنگ گیئر میں آکسیجن کی کمی اور شدید سردی اس کی جان لے سکتی ہے۔ خوش قسمتی سے وہ زندہ رہا، لیکن اس عمل کو انتہائی خطرناک اور غیر قانونی قرار دیا گیا ہے۔

طیارے کی سیکیورٹی جانچ کے دوران لینڈنگ گیئر کمپارٹمنٹ سے ایک سرخ اسپیکر بھی برآمد ہوا جو غالباً لڑکے کا سامان تھا۔ تاہم کسی تخریبی مواد کے شواہد نہیں ملے اور جہاز کو مکمل طور پر محفوظ قرار دے دیا گیا۔

سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر لڑکے کو حراست میں لیا گیا اور بعد ازاں سی آئی ایس ایف کے حوالے کر کے اسے اسی ایئرلائن کی پرواز سے واپس افغانستان بھیج دیا گیا۔ حکام نے اس واقعے کو نہ صرف سیکیورٹی میں ایک سنگین خلل قرار دیا بلکہ کابل ایئرپورٹ کی سیکیورٹی پر بھی کئی سوالات اٹھائے ہیں۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter