ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ ایران آبنائے ہرمز کا محافظ ہے اور ہمیشہ رہے گا، جبکہ اس اہم بحری گزرگاہ سے متعلق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بیان پر طنزیہ انداز میں ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ 20 فیصد ٹول بہت زیادہ ہے۔
عباس عراقچی کا یہ بیان امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اس اعلان کے بعد سامنے آیا، جس میں انہوں نے ایران کے خلاف بحری ناکہ بندی دوبارہ شروع کرنے اور آبنائے ہرمز سے گزرنے والی تمام کھیپوں پر 20 فیصد ٹیرف عائد کرنے کا عندیہ دیا تھا۔
ایرانی وزیر خارجہ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں لکھا کہ امریکی صدر ایک بات میں درست ہیں کہ جو بھی آبنائے ہرمز سے گزرنے والے تجارتی جہازوں کو محفوظ اور پُرامن راستہ فراہم کرتا ہے، اسے اس خدمت کا معاوضہ ملنا چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ "ایران آبنائے ہرمز کا محافظ ہے اور ہمیشہ رہے گا۔ ہم اس گزرگاہ پر فراہم کی جانے والی خدمات کے معاوضے میں منصفانہ رویہ اختیار کریں گے، کیونکہ 20 فیصد فیس بہت زیادہ ہے۔”
امریکا جنگ میں شدت چاہتا ہے تو ایران بھی طویل مقابلے کے لیے تیار ہے: عباس عراقچی
عباس عراقچی کے اس بیان کو امریکی صدر کے مؤقف پر طنزیہ ردعمل قرار دیا جا رہا ہے، جبکہ آبنائے ہرمز سے متعلق بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث خطے کی سلامتی اور عالمی توانائی کی ترسیل کے حوالے سے خدشات بدستور برقرار ہیں۔
