امریکی صدر جوبائیڈن کا کہنا ہے کہ غزہ میں جنگ بندی معاہدے کی فوری ضرورت ہے۔
امریکی صدر جو بائیڈن نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے غزہ میں جنگ بندی کی فوری ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ مشرق وسطیٰ میں جنگ کا پھیلاؤ کسی کے مفاد میں نہیں، اور اس مسئلے کو حل کرنے کے لیے دو ریاستی حل ناگزیر ہے تاکہ اسرائیل اور فلسطین امن کے ساتھ رہ سکیں۔
صدر بائیڈن نے اپنے خطاب میں عالمی چیلنجز، جیسے کہ دہشت گردی اور موسمیاتی تبدیلیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان مسائل سے نمٹنے کے لیے عالمی برادری کو مشترکہ کوششیں کرنا ہوں گی۔
انہوں نے یوکرین میں جاری انسانی بحران کا بھی ذکر کیا اور اس بات پر زور دیا کہ عوام کی مدد کے لیے مل کر کام کرنا ضروری ہے۔
غزہ کی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے، صدر جو بائیڈن نے کہا کہ وہاں ہزاروں شہری اور بچے مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں، اور یرغمالیوں کو جلد از جلد اپنے گھروں تک واپس لانا چاہیے۔
انہوں نے اس وقت کو جنگ ختم کرنے کا موزوں وقت قرار دیا اور اس بات پر زور دیا کہ مشرق وسطیٰ میں پائیدار امن کے لیے سفارتی حل ناگزیر ہے۔
صدر بائیڈن کا کہنا تھا کہ دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے سب کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا، اور لبنان کی صورتحال کا بھی ایک سفارتی حل نکالنا ضروری ہے تاکہ خطے میں مزید تنازعات سے بچا جا سکے۔