کمچٹکہ ریجن متاثر، شہریوں میں خوف و ہراس، انتظامیہ نے احتیاطی تدابیر جاری کر دیں
ماسکو، روس کے مشرقی ساحلی علاقے کمچٹکہ ریجن میں شدید زلزلے کے جھٹکوں کے بعد سونامی کا خطرہ پیدا ہوگیا ہے۔ زلزلے کی شدت 7.4 ریکارڈ کی گئی، جس کے بعد حکام نے سونامی الرٹ جاری کرتے ہوئے شہریوں کو ساحل سے دور رہنے کی ہدایت کی ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق کمچٹکہ کے مشرقی ساحل پر مختصر وقفے میں تین زلزلے محسوس کیے گئے، جن میں سے سب سے بڑا زلزلہ 7.4 شدت کا تھا، جبکہ دیگر دو جھٹکوں کی شدت 6.7 اور 5.0 بتائی گئی ہے۔
سب سے شدید زلزلہ سمندر میں آیا جس کی گہرائی 20 کلومیٹر تھی، جبکہ مرکز پیٹروپاولوسک شہر کے قریب تھا، جس کی آبادی تقریباً 1 لاکھ 80 ہزار ہے۔ زلزلے کے بعد مقامی لوگوں میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا اور ساحلی بستیوں میں ہنگامی صورتحال نافذ کر دی گئی۔
زلزلے کے بعد بھی متعدد آفٹر شاکس ریکارڈ کیے جا رہے ہیں، جبکہ انتظامیہ نے سونامی کی وارننگ جاری کرتے ہوئے لوگوں سے کہا ہے کہ وہ ساحلی علاقوں سے فوری طور پر محفوظ مقامات کی جانب منتقل ہو جائیں۔
ابھی تک کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی، تاہم ریسکیو ادارے اور مقامی حکومت الرٹ پر ہیں اور صورتحال پر قریبی نظر رکھی جا رہی ہے۔