لاہور، پیرس اولمپکس 2024 میں طلائی تمغہ جیتنے والے پاکستانی ایتھلیٹ ارشد ندیم کی شاندار کارکردگی کو بھارت کی آفیشل اولمپکس ویب سائٹ پر سراہا گیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق بھارتی ویب سائٹ نے ارشد ندیم کو پاکستان کے لیے واحد گولڈ میڈل جیتنے والا ایتھلیٹ قرار دیتے ہوئے ان کی کامیابی کو نمایاں انداز میں پیش کیا ہے۔
بھارتی پلیٹ فارم نے ارشد ندیم کی جدوجہد اور کامیابی پر مبنی ویڈیو کو نوجوانوں کے لیے ایک ترغیب اور حوصلہ افزائی کا ذریعہ قرار دیتے ہوئے موٹیویشنل انداز میں شیئر کیا ہے۔
یاد رہے کہ ارشد ندیم پاکستان کے معروف نیزہ باز ایتھلیٹ ہیں جنہوں نے بین الاقوامی سطح پر ملک کا نام روشن کیا، وہ 2020 ٹوکیو اولمپکس میں فائنل میں پہنچنے والے پہلے پاکستانی بنے۔
ارشد ندیم نے ٹوکیو اولمپکس 2020 میں ناکامی کے بعد پیرس اولمپکس 2024 میں بہترین کم بیک کرتے ہوئے پاکستان کو طلائی تمغہ دلوایا، جو پوری قوم کے لیے فخر کا لمحہ تھا۔
ارشد ندیم خانیوال کے شہر میاں چنوں سے تعلق رکھنے والے ارشد نے محدود وسائل کے باوجود اپنی محنت سے دنیا کو اپنی صلاحیتوں کا قائل کر لیا۔