شطرنج کی دنیا میں ایک غیر معمولی لمحہ اس وقت دیکھنے میں آیا جب صرف 10 سال کی عمر میں بودھنا شیوانندن نامی بھارتی نژاد برطانوی لڑکی نے 60 سالہ تجربہ کار گرینڈ ماسٹر پیٹ ویلز کو شکست دے کر نہ صرف سب کو حیران کر دیا، بلکہ ایک نیا ورلڈ ریکارڈ بھی قائم کر دیا۔
شمال مغربی لندن سے تعلق رکھنے والی بودھنا نے برطانوی شطرنج چیمپئن شپ 2025 کے فائنل راؤنڈ میں لیورپول کے مقام پر یہ شاندار کامیابی حاصل کی۔ اس فتح کے ساتھ ہی وہ شطرنج کی تاریخ میں گرینڈ ماسٹر کو شکست دینے والی کم عمر ترین خاتون کھلاڑی بن گئیں۔
انٹرنیشنل چیس فیڈریشن (FIDE) کے مطابق، بودھنا نے یہ تاریخی کامیابی 10 سال، 5 مہینے اور 3 دن کی عمر میں حاصل کی، اور اس طرح انہوں نے امریکی کھلاڑی کیریسا یپ کا 2019 میں قائم کردہ ریکارڈ توڑ دیا، جو انہوں نے 10 سال، 11 ماہ اور 20 دن کی عمر میں قائم کیا تھا۔
اپنی اس جیت کے بعد بودھنا شیوانندن کو ویمنز انٹرنیشنل ماسٹر (WIM) کا درجہ دے دیا گیا ہے، جو خواتین کے لیے ویمنز گرینڈ ماسٹر ٹائٹل سے صرف ایک درجہ نیچے ہوتا ہے۔
شطرنج کے حلقے اس جیت کو نہ صرف ایک ذہنی مہارت کا مظہر بلکہ نئی نسل کی ابھرتی ہوئی ذہانت کا ثبوت قرار دے رہے ہیں۔ ماہرین کے مطابق، بودھنا کی یہ کامیابی مستقبل میں عالمی سطح پر شطرنج میں برطانیہ کی پوزیشن مضبوط کرنے میں اہم کردار ادا کرے گی۔