لبنان پر اسرائیلی فضائیہ کے حملوں کے باعث پاکستان کی جانب سے اپنے شہریوں کو لبنان چھوڑنے کی ہدایات جاری کر دی گئیں ہیں۔
وزارت خارجہ کی جانب سے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ لبنان میں جاری حملوں کی وجہ سے پاکستانی شہری لبنان کا سفر نہ کریں، لبنان میں رہائش پذیر پاکستانی دستیاب کمرشل پروازوں کے ذریعے ملک چھوڑ دیں۔
جو شہری بعض وجوہات کی بنیاد پر لبنان چھوڑنے سے قاصر ہیں وہ محفوظ مقامات پر منتقل ہو جائیں اور بیروت میں پاکستانی سفارتخانے سے مسلسل رابطے میں رہیں۔
یاد رہے لبنان پر اسرائیلی حملوں میں سینکڑوں افراد جان کی بازی ہارگئے اور ہزاروں زخمی ہو چکے ہیں۔
دوسری جانب وزیر اعظم شہباز شریف کی اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 79 ویں اجلاس کے موقع پر ترک صدر رجب طیب اردوان سے نیویارک میں ملاقات ہوئی۔
نیویارک میں وزیرِ اعظم شہباز شریف کی اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 79 ویں اجلاس کے دوران ترک صدر رجب طیب اردوان سے اہم ملاقات ہوئی، دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ امور پر تبادلہ خیال کیا اور تجارت، سرمایہ کاری، دفاع و سلامتی کے شعبوں میں باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔