لاس اینجلس ، ہالی ووڈ کی معروف اداکارہ اینجلینا جولی کی زندگی پر مبنی نئی دستاویزی فلم ’انجلینا: بیونڈ دی فریم‘ کا ٹریلر نیٹ فلکس نے جاری کر دیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق آن لائن اسٹریمنگ پلیٹ فارم نیٹ فلکس نے دستاویزی فلم کا ٹریلر جاری کرتے ہوئے اسے اگلے ماہ ریلیز کرنے کا اعلان بھی کیا ہے۔
دستاویزی فلم کی ہدایت کاری لارا ہیسٹنگز نے کی ہے، ان کا کہنا ہے کہ لاس اینجلس فلم فیسٹیول میں 15 جون کو فلم کا پریمیئر منعقد کیا جائے گا، جبکہ اسے 20 جون کو نیٹ فلکس پر ریلیز کیا جائے گا، اس فلم میں اداکارہ کی فنی زندگی، ذاتی نشیب و فراز، اور انسانی حقوق کے لیے جدوجہد کو تفصیل سے پیش کیا گیا ہے۔
فلم میں اینجلینا جولی کی نایاب ویڈیوز، اقوام متحدہ میں ان کے کام، اور ان کے قریبی دوستوں و ساتھیوں کے انٹرویوز شامل ہیں، اس کے ذریعے ان کی شخصیت، کیریئر، اور خواتین کے حقوق و مہاجرین کے لیے ان کی خدمات کو اجاگر کیا گیا ہے۔
اس دستاویزی فلم میں ان کی بریڈ پٹ سے علیحدگی، ان کی اقوام متحدہ میں سرگرمیاں، اور فلم انڈسٹری میں خواتین کی حمایت پر مبنی کردار کو بھی دکھایا گیا ہے۔
یاد رہے کہ اینجلینا جولی نہ صرف عالمی شہرت یافتہ اداکارہ ہیں بلکہ انسانی حقوق کی سرگرم کارکن، اقوام متحدہ کی سفیر، اور مختلف بین الاقوامی سماجی مہمات کا اہم چہرہ بھی رہی ہیں۔
یاد رہے کہ اینجلینا جولی کو ان کی اداکاری، سماجی خدمات اور مہاجرین کے لیے کی جانے والی کاوشوں پر متعدد بین الاقوامی اعزازات سے بھی نوازا جا چکا ہے۔