149
فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس کی جانب سے غزہ جنگ کو 1 سال مکمل ہونے پر ایک بار پھر اسرائیل پر راکٹوں سے حملہ کیا گیا۔
حماس کے القسام بریگیڈ نے آج غزہ جنگ کو 1 سال مکمل ہونے کے موقع پر اسرائیلی شہر تل ابیب پر راکٹوں سے حملہ کیا جس کے نتیجے میں 2 اسرائیلی خواتین زخمی ہوئیں۔
اسرائیلی فوج نے کہا کہ خان یونس کے علاقے سے وسطی اسرائیل میں 5 راکٹ فائر کیے گئے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق اگست کے بعد کسی بڑے اسرائیلی شہر پر فلسطینی گروپ کا یہ پہلا بڑا حملہ ہے۔
دوسری جانب حزب اللہ کی جانب سے بھی شمالی اسرائیل میں اسرائیلی فوجی اور فوجی گاڑیوں کو میزائلوں سے نشانہ بنایا گیا جب کہ حزب اللہ نے آج اسرائیل کے ساحلی شہر حیفا پر راکٹوں سے حملہ کیا جس میں 10 اسرائیلی شدید زخمی ہوئے۔
یاد رہے غزہ جنگ کو آج 1 سال مکمل ہوگیا ہے اور غزہ میں ہونیوالے اسرائیلی حملوں میں اب تک تقریباً 42 ہزار فلسطینی شہید اور 97 ہزار زخمی ہوچکے ہیں۔