امریکی صدر ٹرمپ نے ٹیکساس کے سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا، جانی نقصان پر افسوس کا اظہار، متاثرین کی بحالی کے لیے ہر ممکن مدد کی یقین دہانی۔
ٹیکساس، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سیلاب سے متاثرہ ریاست ٹیکساس کا ہنگامی دورہ کیا اور تباہ حال علاقوں کا فضائی اور زمینی جائزہ لیا۔ صدر ٹرمپ نے متاثرین سے ملاقات کے دوران ان کی دادرسی کی اور ہر ممکن مدد کی یقین دہانی کرائی۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ ہمیں امریکی تاریخ کے بدترین سیلاب کا سامنا ہے، ایسی تباہی ٹیکساس میں پہلے کبھی نہیں دیکھی گئی۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب سے تباہی کے مناظر نہایت ہولناک ہیں اور پوری قوم متاثرین کے ساتھ کھڑی ہے۔
صدر ٹرمپ نے بچیوں کے سمر کیمپ میں سیلابی ریلے سے بہہ جانے کے واقعے پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ یہ ناقابلِ یقین سانحہ ہے، متاثرہ خاندانوں کے ساتھ دلی ہمدردی ہے۔ انہوں نے ریسکیو اہلکاروں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ تمام اداروں نے بھرپور کام کیا، تاہم ابھی بھی کئی بچے لاپتہ ہیں جن کی تلاش جاری ہے۔
ٹیکساس میں طوفانی بارشیں اور سیلاب: ہلاکتیں 104 تک جا پہنچیں، ایمرجنسی نافذ
صدر نے یقین دہانی کرائی کہ وفاقی حکومت مقامی اداروں کے ساتھ مل کر متاثرہ علاقوں کی بحالی اور عوامی مشکلات کے ازالے کے لیے فوری اقدامات کرے گی۔
یاد رہے کہ حالیہ دنوں میں ٹیکساس میں طوفانی بارشوں کے باعث آنے والے شدید سیلاب نے درجنوں جانیں لے لیں، ہزاروں لوگ بے گھر ہو گئے اور کئی علاقے مکمل طور پر زیرِ آب آ چکے ہیں۔