اسرائیل نے ایک بار پھر بیروت پر فضائی حملہ کر دیا، جس میں 6 شہری جان کی بازی ہار گئے جبکہ 46 زخمی ہوگئے۔
بیروت، اسرائیل کی جانب سے عالمی دباؤ کو مسترد کرتے ہوئے ایک بار پھر لبنان کے دارالحکومت بیروت پر فضائی حملہ کر دیا گیا جس کے نتیجے میں 6 شہری جان کی بازی ہار گئے جبکہ 46 زخمی ہوگئے۔
صیہونی فورسز نے بیروت کے مرکزی علاقے میں پارلیمنٹ سے محض کچھ میٹر فاصلے پر ایک عمارت پر فضائی حملہ کیا اور شہر ایک بار پھر دھماکوں کی آواز سے گونج اٹھا، فضائی حملے میں متعدد عمارتیں ملبے کا ڈھیر بن گئیں۔
صہیونی فوج کے حملے میں گاڑیوں کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے، رات گئے بیروت کے جنوبی علاقے دحیہ میں 3 زور دار دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج نے بتایا ہے کہ اس عمارت میں حزب اللہ سے منسلک ایک طبی مرکز قائم تھا، اسرائیل کا بیروت کے مرکز میں یہ پہلا حملہ ہے، اسرائیل نے بدھ کی شب دیگر فضائی حملے بھی کیے، جن میں ضاحيہ میں اہداف کو نشانہ بنایا گیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹے میں اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں 46 لبنانی شہید اور 85 زخمی ہوئے ہیں۔