جمعہ, 25 اپریل , 2025

اسرائیلی جارحیت جاری، مزید 30 فلسطینی شہید، امدادی کارکن بھی نشانہ بنے

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

غزہ میں اسرائیل نے اپنی بربریت کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے ایک بار پھر نہتے فلسطینیوں کو نشانہ بنایا، تازہ فضائی اور زمینی حملوں میں مزید 30 افراد شہید جبکہ درجنوں زخمی ہو گئے ہیں۔

اسرائیلی حملوں کا نشانہ اس بار خان یونس، رفاح، شمالی غزہ، المواسی اور دیگر رہائشی علاقے بنے۔ سب سے افسوسناک واقعہ امدادی ٹیم پر حملے کا ہے، جہاں میڈیکل ورکرز پر بمباری کی گئی، جس کے نتیجے میں 15 امدادی کارکن شہید جبکہ کئی ایمبولینس گاڑیاں تباہ ہو گئیں۔

latest urdu news

گزشتہ کئی ماہ سے جاری اسرائیلی جارحیت کے باعث شہداء کی مجموعی تعداد 51 ہزار 200 سے تجاوز کر چکی ہے، جبکہ زخمیوں کی تعداد ایک لاکھ 16 ہزار 869 ہو گئی ہے۔

غزہ کی صورتحال بدترین انسانی المیے کی شکل اختیار کر چکی ہے، جہاں نہ صرف رہائشی علاقوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے بلکہ طبی سہولیات اور امدادی سرگرمیوں پر بھی حملے کیے جا رہے ہیں۔

دوسری جانب اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو نے کہا ہے کہ اگر غزہ میں حماس کی حکمرانی برقرار رہی تو یہ اسرائیل کی ایک بڑی ناکامی ہوگی۔

ٹیلی وژن پر قوم سے خطاب میں نیتن یاہو نے واضح کیا کہ جنگ اس وقت تک جاری رہے گی جب تک حماس کو مکمل طور پر ختم نہیں کیا جاتا اور تمام مغوی اسرائیلی شہری واپس نہیں آ جاتے۔

انہوں نے کہا کہ اگر ہم حماس کے مطالبات مان لیں تو مستقبل میں غزہ میں دوبارہ کارروائی کرنا ناممکن ہو جائے گا۔ ان کے مطابق، حماس صرف جنگ بندی ہی نہیں بلکہ اپنی حکمرانی کی بحالی، اسرائیلی افواج کا انخلاء اور غزہ کی تعمیر نو کی بات کر رہی ہے، جو اسے دوبارہ طاقتور اور مسلح کرنے کا موقع دے گی۔

شیئر کریں:
frontpage hit counter