ڈبلیو ڈبلیو ای کے معروف اور لیجنڈری ریسلر بل گولڈ برگ نے 27 سالہ شاندار کیریئر کے بعد باقاعدہ طور پر ریسلنگ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا۔ ان کا آخری مقابلہ 12 جولائی کو اپنے آبائی شہر اٹلانٹا میں منعقدہ "سنیچر نائٹ مین ایونٹ” میں ہوا، جہاں وہ ورلڈ ہیوی ویٹ چیمپئن گنٹھر کے مدمقابل آئے۔
بل گولڈ برگ اپنے آخری میچ کے لیے اپنے قریبی دوستوں کے ہمراہ رنگ میں داخل ہوئے، جبکہ کئی دوست اور اہلِ خانہ تماشائیوں میں موجود تھے۔ میچ کے دوران گولڈ برگ نے اپنے مشہور داؤ Spear اور Jackhammer کا استعمال کرتے ہوئے بھرپور مقابلہ کیا، مگر 58 سالہ لیجنڈ ریسلر گنٹھر کے سلیپر سبمیشن داؤ کا شکار ہو کر شکست کھا گئے۔ چودہ منٹ طویل اس جذباتی مقابلے کے بعد گولڈ برگ کے اہلِ خانہ اور دوست رنگ میں آ گئے جہاں انہوں نے الوداعی خطاب کیا۔ اگرچہ یہ خطاب ٹی وی پر لائیو نشر نہیں ہوا، لیکن اس کی ویڈیو ڈبلیو ڈبلیو ای نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم "ایکس” (ٹوئٹر) پر جاری کی۔
بل گولڈ برگ نے ریسلنگ کی دنیا میں اپنے کیریئر کا آغاز 22 ستمبر 1997 کو ڈبلیو سی ڈبلیو (WCW) سے کیا تھا اور ابتدائی طور پر 173 میچز میں ناقابلِ شکست رہے، جن میں انہوں نے WCW چیمپئن شپ بھی اپنے نام کی۔ ان کی پہلی شکست 27 دسمبر 1998 کو کیون نیش کے ہاتھوں ہوئی۔ WCW کے بعد وہ کچھ عرصہ جاپان میں "آل جاپان پرو ریسلنگ” کا حصہ رہے اور پھر 2003 میں ڈبلیو ڈبلیو ای کا رخ کیا، جہاں انہوں نے ورلڈ ہیوی ویٹ چیمپئن شپ جیت کر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔
2004 میں ریسلنگ سے کنارہ کشی کے بعد گولڈ برگ نے 2015 میں "دی لیجنڈز آف ریسلنگ شو” کے ذریعے واپسی کی۔ 2016 میں ڈبلیو ڈبلیو ای میں دوبارہ انٹری کے بعد انہوں نے بروک لیسنر کو محض 1 منٹ 26 سیکنڈ میں شکست دے کر سب کو حیران کر دیا۔ 2017 کے "فاسٹ لین” ایونٹ میں وہ ڈبلیو ڈبلیو ای یونیورسل چیمپئن بھی بنے، تاہم ایک ماہ بعد یہ ٹائٹل دوبارہ بروک لیسنر کے ہاتھوں چلا گیا۔
اپنے طویل کیریئر میں بل گولڈ برگ نے بارہا ڈبلیو ڈبلیو ای میں واپسی کی اور ایک بار پھر یونیورسل چیمپئن شپ جیتنے میں کامیاب ہوئے۔ ان کی ریٹائرمنٹ ریسلنگ کی دنیا کے ایک سنہری دور کے اختتام کا اعلان ہے۔ شائقین انہیں ایک بے مثال فائٹر، پاور ہاؤس اور ریسلنگ آئیکون کے طور پر یاد رکھیں گے۔