ورلڈ چیمپیئن شپ آف لیجنڈز (WCL) کا فائنل آج رات برمنگھم کے میدان میں کھیلا جائے گا، جہاں پاکستان چیمپئنز کا سامنا جنوبی افریقہ لیجنڈز سے ہوگا۔
پاکستانی ٹیم اب تک ایونٹ میں ناقابلِ شکست رہی ہے اور بھارت کی سیاسی بنیادوں پر سیمی فائنل سے دستبرداری کے بعد براہِ راست فائنل میں پہنچی۔ ٹیم کی آفیشل انسٹاگرام پوسٹ میں آج کے میچ کو "آخری پڑاؤ: فائنل” کے الفاظ سے تعبیر کیا گیا ہے۔
دوسری جانب جنوبی افریقہ نے سیمی فائنل میں آسٹریلیا کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد شکست دے کر فائنل کا ٹکٹ حاصل کیا۔
ورلڈ چیمپیئن شپ آف لیجنڈز ایک ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ پر مبنی ٹورنامنٹ ہے، جس کا آغاز 2024 میں ہوا تھا۔ یہ ایونٹ ریٹائرڈ اور غیر کنٹریکٹ یافتہ کھلاڑیوں پر مشتمل ہوتا ہے اور ای سی بی (ECB) کی منظوری سے ہر سال انگلینڈ میں منعقد ہوتا ہے۔
ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز: پاکستان کی شاندار جیت، ویسٹ انڈیز کو 49 رنز سے شکست
ٹورنامنٹ میں کرکٹ کے بڑے نام شریک ہو چکے ہیں، جن میں شاہد آفریدی، یوراج سنگھ، کیون پیٹرسن، بریٹ لی، اوئن مورگن اور کرس گیل جیسے اسٹار کھلاڑی شامل ہیں۔
فائنل کا آغاز پاکستانی وقت کے مطابق رات 8:30 بجے ہوگا اور شائقینِ کرکٹ ایک دلچسپ اور تاریخی مقابلے کی امید کر رہے ہیں۔