ممبئی،بھارتی کرکٹ کے عظیم بلے باز ویرات کوہلی نے طویل دورانیے کی ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا، یوں ایک شاندار عہد اپنے اختتام کو پہنچا۔
سوشل میڈیا پر جاری اپنے جذباتی پیغام میں کوہلی نے لکھا کہ جب میں نے پہلی بار سفید لباس پہن کر بھارت کے لیے ٹیسٹ کرکٹ کھیلی، اس وقت مجھے اندازہ نہیں تھا کہ یہ سفر مجھے کہاں لے جائے گا، اس فارمیٹ نے مجھے آزمائشوں سے گزارا، نکھارا اور زندگی کے کئی گہرے سبق سکھائے۔
انہوں نے کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ میں اس عظیم کھیل کو خیرباد کہوں، یہ فیصلہ آسان نہیں، لیکن دل کے قریب اور درست محسوس ہو رہا ہے، میں نے اس فارمیٹ کو اپنا سب کچھ دیا، اور اس نے بدلے میں مجھے بے شمار خوشیاں، عزت اور تجربات دیے۔
ویرات کوہلی نے اس یادگار سفر میں ساتھ دینے والے تمام افراد کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ’’جنہوں نے میرے ساتھ کھیلا، میری رہنمائی کی، اور ہر وہ شخص جو اس سفر میں میرے ساتھ تھا، میں ان سب کا تہہ دل سے شکر گزار ہوں۔‘‘
واضح رہے کہ کچھ روزپہلے بھارتی کپتان روہت شرما نے بھی ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا اور اب کوہلی کے فیصلے سے بھارتی ٹیسٹ ٹیم کی قیادت اور مڈل آرڈر بیٹنگ کو شدید دھچکا پہنچا ہے۔
ویرات کوہلی نے بطور بیٹر اور کپتان دونوں حیثیتوں سے بھارتی ٹیسٹ کرکٹ کو نئی بلندیوں تک پہنچایا۔ ان کی قیادت میں بھارت نے آسٹریلیا میں تاریخی سیریز جیتی اور عالمی ٹیسٹ رینکنگ میں بھی طویل عرصے تک ٹاپ پوزیشن پر رہا۔
اپنے 123 ٹیسٹ میچوں میں کوہلی نے 30 سنچریوں اور 31 نصف سنچریوں کی مدد سے 9230 رنز اسکور کیے،46.8 کی اوسط کے ساتھ وہ بھارت کے چوتھے کامیاب ترین ٹیسٹ بیٹر رہے، ان سے آگے سچن ٹنڈولکر، راہول ڈریوڈ اور سنیل گواسکر ہیں۔