سڈنی: بھارتی اسٹار بیٹر ویرات کوہلی نے سابق لیجنڈ سچن ٹنڈولکر کا انٹرنیشنل وائٹ بال کرکٹ (ون ڈے + ٹی ٹوئنٹی) میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا عالمی ریکارڈ توڑ دیا۔
ویرات کوہلی نے ہفتے کے روز سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں آسٹریلیا کے خلاف تیسرے اور سیریز کے آخری ون ڈے میچ میں 74 رنز کی میچ وننگ اننگز کھیل کر یہ تاریخی سنگِ میل عبور کیا۔
اعداد و شمار کے مطابق ویرات کوہلی نے اب تک 305 ون ڈے انٹرنیشنل میں 14,255 رنز اور 125 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں 4,188 رنز بنائے ہیں، جس کے ساتھ ان کے انٹرنیشنل وائٹ بال کرکٹ میں مجموعی رنز 18,443 ہو گئے — جو دنیا میں کسی بھی بلے باز کے سب سے زیادہ ہیں۔
اس سے قبل یہ ریکارڈ سچن ٹنڈولکر کے پاس تھا جنہوں نے 463 ون ڈے اور واحد ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں مجموعی طور پر 18,436 رنز بنائے تھے۔
View this post on Instagram
اس فہرست میں تیسرے نمبر پر سری لنکا کے سابق کپتان کمار سنگاکارا ہیں جن کے ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی میں مجموعی رنز 15,616 ہیں۔
یہ امر قابل ذکر ہے کہ ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا ریکارڈ اب بھی سچن ٹنڈولکر کے پاس ہے، جنہوں نے 463 میچوں میں 44.83 کی اوسط سے 18,426 رنز اسکور کیے۔
