پاکستان کرکٹ ٹیم کے مڈل آرڈر بیٹر عمر اکمل نے ایک بار پھر اپنے کیریئر سے متعلق بڑا انکشاف کرتے ہوئے سابق ہیڈ کوچ وقار یونس پر سنگین الزامات عائد کر دیے ہیں۔
ایک نجی ٹی وی کو دیے گئے انٹرویو میں عمر اکمل کا کہنا تھا کہ ”وقار یونس نے میرا کیریئر تباہ کیا، انہوں نے مجھے کارکردگی نہیں بلکہ ذاتی حسد کی وجہ سے ٹیم سے باہر کیا۔“
عمر اکمل نے الزام لگایا کہ وقار یونس نوجوان کھلاڑیوں سے حسد کرتے تھے، انہیں یہ بات برداشت نہیں تھی کہ ”کل کا بچہ نئی گاڑی لے کر آئے یا برانڈڈ کپڑے پہنے۔“
ان کا کہنا تھا کہ وقار یونس نے مجھے پرفارمنس کی بنیاد پر نہیں، بلکہ نئی گاڑی خریدنے اور اچھے لباس پہننے پر ٹیم سے نکالا۔
انہوں نے مزید کہا: “جب بھی میں کوئی نئی گاڑی لیتا یا اچھے کپڑے پہنتا، وقار یونس کہتے کہ تمہارے پاس بہت پیسے آگئے ہیں۔”
عمر اکمل نے دعویٰ کیا کہ وہ اکیلے نہیں جنہیں وقار یونس کے رویے کا سامنا کرنا پڑا، بلکہ دیگر کھلاڑی جیسے رانا نوید الحسن بھی ان کے مؤقف کی تائید کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ وہ بطور سینئر کھلاڑی وقار یونس کی عزت کرتے ہیں، لیکن بطور کوچ نہیں کر سکتے۔
یاد رہے کہ عمر اکمل نے حالیہ دنوں میں کئی مواقع پر اپنے کیریئر کے تنازعات پر کھل کر بات کی ہے، جن میں بورڈ کے ساتھ اختلافات اور ڈسپلن کے مسائل بھی شامل ہیں۔
