پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کرکٹر عمر اکمل نے ایک بار پھر اپنی ناکامیوں کا ذمہ دار سابق ہیڈ کوچ وقار یونس کو ٹھہرا دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میرے کیریئر کو سب سے زیادہ نقصان اسی وقت کے ہیڈ کوچ وقار یونس نے پہنچایا۔
عمر اکمل حال ہی میں ایک نجی ٹی وی پروگرام میں دکھائی دیے، جہاں انہوں نے مختلف امور پر بات چیت کے دوران وقار یونس پر سنگین الزامات عائد کیے۔ انہوں نے بتایا کہ وقار یونس میری شہرت، کمائی اور طرز زندگی سے حسد کرتے تھے اور میری پرفارمنس کی وجہ سے نہیں بلکہ اسی حسد کی وجہ سے مجھے پیچھے کیا گیا۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ نہ صرف میرا بلکہ دیگر کئی سینئر کرکٹرز کا کیریئر بھی وقار یونس کی وجہ سے متاثر ہوا۔
عمر اکمل نے کہا کہ میں پہلے اتنی چیزیں نہیں لے سکتا تھا، لیکن جب اللہ تعالیٰ نے مجھے دیا تو میں اپنے اور گھر والوں کے شوق پورے کر رہا ہوں، اور اس میں کوئی بری بات نہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ میرے پاس شواہد موجود ہیں اور وقت آنے پر وقار یونس کے خلاف تمام باتیں سامنے لاؤں گا۔
بابر اعظم کا بڑا کارنامہ، ٹی20 کرکٹ میں روہت شرما کا ریکارڈ توڑ دیا
سابق کرکٹر نے واضح کیا کہ بطور سینئر کھلاڑی میں وقار یونس کی عزت کرتا ہوں، لیکن بطور ہیڈ کوچ ان کی عزت نہیں کروں گا۔ عمر اکمل کے الزامات نے ایک بار پھر پاکستانی کرکٹ میں کوچنگ اور کھلاڑیوں کے تعلقات پر بحث کو جنم دے دیا ہے۔
