ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں روایتی حریف بھارت کے خلاف اہم مقابلے سے قبل قومی ٹیم کے اسٹار بیٹر بابر اعظم کا ویڈیو بیان منظرِ عام پر آ گیا ہے، جس میں انہوں نے اس بڑے میچ سے متعلق اپنے خیالات کا اظہار کیا ہے۔
پاکستان اور بھارت کے درمیان ہائی وولٹیج ٹاکرا سری لنکا کے دارالحکومت کولمبو میں شیڈول ہے۔ اس مقابلے کو نہ صرف دونوں ممالک بلکہ دنیا بھر کے کرکٹ شائقین بے صبری سے دیکھنے کے منتظر ہیں۔ اگرچہ مقامی محکمہ موسمیات کی جانب سے بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے، تاہم مداح پُرامید ہیں کہ مکمل اور سنسنی خیز میچ دیکھنے کو ملے گا۔
اپنے بیان میں بابر اعظم نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان مقابلہ ہمیشہ غیر معمولی اہمیت کا حامل ہوتا ہے۔ ان کے مطابق، اس میچ کی شدت اور دباؤ عام میچوں سے مختلف ہوتا ہے کیونکہ پوری دنیا کی نظریں اس پر جمی ہوتی ہیں، جس سے کھلاڑیوں پر توقعات بھی بڑھ جاتی ہیں۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں پاک بھارت مقابلہ ہوگا
قومی بیٹر نے کہا کہ وہ ماضی میں کئی بڑے مقابلوں کا حصہ رہ چکے ہیں اور انہوں نے سیکھا ہے کہ ایسے میچز میں ذہنی سکون سب سے اہم ہوتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جتنا کھلاڑی خود کو پُرسکون اور ٹینشن فری رکھیں گے اور بیرونی دباؤ یا شور پر توجہ دینے کے بجائے کھیل پر فوکس کریں گے، اتنا ہی بہتر کارکردگی دکھا سکیں گے۔
بابر اعظم نے مزید کہا کہ اس مقابلے کا جوش و خروش اپنی جگہ، مگر پیشہ ورانہ انداز اپنانا ضروری ہے۔ انہوں نے ٹیم کے اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کھلاڑی میچ کے لیے بھرپور تیاری کر رہے ہیں اور امید ہے کہ شائقین کو ایک معیاری اور دلچسپ مقابلہ دیکھنے کو ملے گا۔
