بنگلہ دیشی آل راؤنڈر شکیب الحسن نے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں 500 وکٹوں کا سنگ میل عبور کرلیا، وہ دنیا کے پہلے کھلاڑی بن گئے جنہوں نے 7000 رنز اور 500 وکٹیں حاصل کیں۔
ڈھاکا،بنگلہ دیشی آل راؤنڈر **شکیب الحسن** نے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں نئی تاریخ رقم کردی۔ وہ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں 500 وکٹیں حاصل کرنے والے پانچویں بولر بن گئے ہیں۔
شکیب نے یہ سنگ میل کیریبین پریمیئر لیگ (سی پی ایل) میں انٹیگا اینڈ باربوڈا فالکنز کی جانب سے کھیلتے ہوئے سینٹ کٹس اینڈ نیوس پیٹریاٹس کے خلاف میچ میں محمد رضوان کو آؤٹ کرکے عبور کیا۔ اس میچ میں انہوں نے مزید دو وکٹیں بھی حاصل کیں جس کے بعد ان کی مجموعی وکٹوں کی تعداد 502 ہوگئی۔
اس کے ساتھ ہی شکیب الحسن ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں 7000 رنز بنانے اور 500 وکٹیں حاصل کرنے والے دنیا کے پہلے کھلاڑی بن گئے ہیں۔
واضح رہے کہ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں سب سے زیادہ وکٹوں کا ریکارڈ افغانستان کے راشد خان کے پاس ہے جنہوں نے 660 وکٹیں حاصل کررکھی ہیں۔ ان کے بعد ویسٹ انڈیز کے ڈوین براوو (631)، سنیل نارائن (590) اور جنوبی افریقا کے عمران طاہر (554) کھلاڑی شامل ہیں۔