شاہین شاہ آفریدی کا بابر اعظم اور محمد رضوان کی غیر موجودگی پر ردعمل

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

ایشیا کپ اسکواڈ سے بابر اعظم اور محمد رضوان کی غیر موجودگی پر شاہین شاہ آفریدی کا کہنا ہے کہ دونوں ورلڈ کلاس پلیئرز ہیں لیکن نوجوانوں کو بھی موقع ملنا چاہیے، ٹیم کا پہلا ہدف سہ ملکی سیریز اور پھر ایشیا کپ ہے۔

شارجہ: قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے ایشیا کپ اسکواڈ میں بابر اعظم اور محمد رضوان کی غیر موجودگی پر ردعمل دیا ہے۔

latest urdu news

بابر اعظم اور محمد رضوان جو 2021 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے بعد سے ہر بڑے ایونٹ میں پاکستان کی نمائندگی کرتے رہے، تاہم دسمبر 2024 میں جنوبی افریقا کے خلاف سیریز کے بعد سے مختصر فارمیٹ میں ٹیم کا حصہ نہیں بن سکے۔ ایشیا کپ اسکواڈ میں بھی دونوں کا نام شامل نہ ہونے پر مداحوں اور سابق کرکٹرز نے مایوسی کا اظہار کیا۔

اس حوالے سے شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں جاری ٹریننگ سیشن کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہین شاہ آفریدی نے کہا کہ "میں بھی شاید مستقبل میں ٹیم کا حصہ نہ رہوں، سب کو موقع ملنا چاہیے۔ بابر اور رضوان ورلڈ کلاس پلیئرز ہیں، انہوں نے پاکستان کے لیے بہترین کارکردگی دکھائی ہے اور ان شاءاللہ دوبارہ کھیلیں گے، لیکن نوجوان کھلاڑیوں کو بھی موقع دینا ضروری ہے اور ہمیں ان کا ساتھ دینا چاہیے۔”

انہوں نے مزید کہا کہ ٹیم ایشیا کپ کے بڑے مقابلوں کے لیے بھرپور تیاری کر رہی ہے۔ "سہ ملکی ٹی ٹوئنٹی سیریز بھی ایشیا کپ کی تیاری میں مددگار ہوگی۔ اس فارمیٹ میں کوئی بھی ٹیم آسان نہیں ہوتی، ہمارا پہلا ہدف سہ ملکی سیریز اور پھر ایشیا کپ ہے۔”

ٹیم میں اختلافات سے متعلق سوال پر شاہین نے وضاحت کی کہ "ایسی باتیں ہم باہر سے سنتے ہیں، حقیقت یہ ہے کہ ٹیم میں ایسا کچھ نہیں ہے۔ فیملی میں بھی چھوٹی موٹی باتیں ہو جاتی ہیں لیکن وہ فیملی کے اندر ہی رہتی ہیں۔ ہمارا کام پاکستان کے لیے کرکٹ کھیلنا اور قوم کو خوشیاں دینا ہے۔”

واضح رہے کہ پاکستان 29 اگست سے 7 ستمبر تک افغانستان اور متحدہ عرب امارات کے خلاف سہ ملکی سیریز کھیلے گا، جس کے بعد 9 ستمبر سے ایشیا کپ شروع ہوگا۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter