سرفراز احمد کی کپتانی سب پر بھاری، باسط علی کا بڑا بیان

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

سابق کرکٹر باسط علی نے سرفراز احمد کو پاکستان کے بہترین کپتانوں میں شمار کرتے ہوئے کہا کہ بابر، رضوان، شاہین بھی ان کے برابر نہیں۔

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کھلاڑی اور معروف تجزیہ نگار باسط علی نے ایک مرتبہ پھر سابق کپتان سرفراز احمد کی قیادت کو سراہتے ہوئے انہیں پاکستان کی کرکٹ تاریخ کے کامیاب ترین کپتانوں میں سے ایک قرار دیا ہے۔ نجی ٹی وی کے پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے باسط علی نے کہا کہ سرفراز نے اپنی قیادت میں پاکستان ٹیم کو دنیا کی نمبر ون ٹیم بنوایا، مگر اس کے باوجود انہیں ’’دودھ میں سے مکھی کی طرح نکال دیا گیا‘‘، اور وہ بغیر کچھ کہے خاموشی سے الگ ہو گئے۔

latest urdu news

باسط علی نے کہا کہ سرفراز احمد ایک بے باک اور فیصلہ کن لیڈر تھا، جس کی قائدانہ صلاحیتیں بابر اعظم، محمد رضوان، شاہین آفریدی یا سلمان علی آغا میں نہیں ملتیں۔ ان کے بقول، ’’بابر جیسے کپتان تو اُس کی جیب میں رہتے تھے۔‘‘

انہوں نے مزید کہا کہ سرفراز احمد نے ہمیشہ ذاتی مفاد کے بجائے ٹیم کے فائدے کو ترجیح دی۔ انہوں نے چیمپئنز ٹرافی کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ سرفراز نے بیٹنگ آرڈر میں جہاں بھی ضرورت پڑی، پرفارم کر کے دکھایا — چاہے پانچویں نمبر پر ہو یا ساتویں پر۔

باسط علی کے مطابق، سرفراز میں وہ خوبی تھی جو انضمام الحق، یونس خان اور راشد لطیف جیسے کپتانوں میں تھی، یعنی وہ نوجوان کھلاڑیوں کو نکھارنے اور ٹیم بنانے کا ہنر جانتا تھا، جو موجودہ سینئرز میں نہیں پایا جاتا۔

یاد رہے کہ سرفراز احمد کی قیادت میں پاکستان نے 2017 کی چیمپئنز ٹرافی جیتی تھی اور انہیں ایک وقت میں ٹیسٹ، ون ڈے اور ٹی 20 ٹیموں کا کپتان بھی مقرر کیا گیا تھا، تاہم بعد میں ان کی کارکردگی پر سوال اٹھائے گئے اور انہیں قیادت سے ہٹا دیا گیا تھا۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter