اسلام آباد، پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کی سابق کپتان ثناء میر کا والٹ گم ہونے کے بعد ایک نیک دل شخص نے واپس کر دیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ "ایکس” پر اپنے پیغام میں ثناء میر نے بتایا کہ وہ میٹھا خریدنے کے لیے ایک دکان سے دوسری دکان پر گئیں تو اس دوران ان کا والٹ سڑک پر گر گیا۔ جب انہیں احساس ہوا تو فوراً پہلی دکان پر تلاش کیا مگر والٹ وہاں نہیں ملا۔
ثناء میر نے بتایا کہ جب وہ سی سی ٹی وی چیک کرنے کا انتظار کر رہی تھیں تو ایک نامعلوم نمبر سے فون آیا۔ کالر نے پہلے تصدیق کی کہ ان کا سامان کھو گیا ہے اور پھر والٹ واپس کرنے کے لیے ملاقات کی جگہ بتائی۔
انہوں نے کہا کہ "وہ گرمی میں کھڑے میرا انتظار کر رہے تھے تاکہ میرا والٹ مجھے واپس کرسکیں۔” والٹ میں موجود ایک لفافے پر ان کا نمبر اور چند اسٹوڈیو تصاویر بھی رکھی تھیں جن کی مدد سے رابطہ ممکن ہوا۔
ثناء میر نے والٹ واپس کرنے والے دونوں افراد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے عوام کو مشورہ دیا کہ اپنے والٹ میں رابطے کی تفصیلات ضرور رکھیں تاکہ اگر کبھی کھو جائے تو ایماندار شخص اسے واپس کرسکے۔