پاکستان کی جیت پر فلوریڈا میں جشن، سالک حسین اور محسن نقوی کی خصوصی شرکت

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز جیتنے پر فلوریڈا میں پاکستانی کمیونٹی کا شاندار جشن، حکومتی وزرا اور بااثر شخصیات کی شرکت نے تقریب کو یادگار بنا دیا۔

امریکی ریاست فلوریڈا کے شہر لاوڈرہل میں ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں پاکستان کرکٹ ٹیم کی شاندار کامیابی پر ایک پروقار اور خوشیوں بھرا جشن منایا گیا۔

latest urdu news

اس رنگا رنگ تقریب میں نہ صرف مقامی پاکستانی کمیونٹی نے بھرپور جوش و خروش کے ساتھ شرکت کی بلکہ حکومتِ پاکستان کے اعلیٰ وزرا، سفارتی عملے، مذہبی، تجارتی، میڈیا اور سماجی شخصیات نے بھی بھرپور شرکت کر کے تقریب کو ایک قومی اتحاد کی علامت بنا دیا۔

یہ یادگار تقریب ممتاز پاکستانی نژاد امریکی ڈیموکریٹک رہنما طاہر جاوید کی میزبانی میں منعقد ہوئی، جنہوں نے اپنی افتتاحی تقریر میں پاکستانی ٹیم کی فتح کو محض ایک کھیل کی کامیابی نہیں بلکہ قوم کے وقار اور یکجہتی کی جیت قرار دیا۔

انہوں نے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کے نوجوان کھلاڑیوں کو آگے لانے اور ٹیم کو جدید طرز پر استوار کرنے کے فیصلوں کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ جلد ہی ان اقدامات کے مزید مثبت نتائج سامنے آئیں گے۔

پاکستان نے تیسرے ٹی ٹوئنٹی میں ویسٹ انڈیز کو 13 رنز سے شکست دے کر سیریز اپنے نام کر لی

تقریب میں وفاقی وزیر داخلہ اور چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی، وفاقی وزیر برائے اوورسیز پاکستانی و ہیومن ریسورسز چودھری سالک حسین اور امریکا میں پاکستانی سفیر رضوان سعید شیخ بطور مہمانانِ خصوصی شریک ہوئے۔ ان کے علاوہ اسلامک سینٹر آف گریٹر میامی کے صدر میاں طاہر اسماعیل، فلوریڈا کے ممتاز بزنس مین میاں مشتاق، جے آر جے انوویشنز کے ڈائریکٹر رئیس احمد، مارکیٹیا کرکٹ کونسل یو ایس اے کے صدر افضال قریشی، اکنا سوشل جسٹس یو ایس اے کے رہنما ڈاکٹر آصم اسد، بورڈ ممبر احسن اسد اور ایشیا ٹائمز کے ڈائریکٹر مشرف خان بھی تقریب میں موجود تھے۔

تقریب کے دوران قومی پرچم تھامے شرکاء نے "پاکستان زندہ باد” کے نعرے لگائے، جیت کی خوشی میں ایک خوبصورت کیک کاٹا گیا اور فضا میں خوشی، فخر اور وطن سے محبت کی عطر بیزی محسوس کی گئی۔ مہمانان نے اس لمحے کو پاکستانی کمیونٹی کے اتحاد اور پاکستان سے وابستگی کی خوبصورت علامت قرار دیا۔

یاد رہے کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم نے حالیہ سیریز میں ویسٹ انڈیز کے خلاف 3-0 سے کامیابی حاصل کی تھی، جسے شائقین نے ٹیم کی نئے سرے سے تعمیر اور مستقبل کی امید کے طور پر دیکھا ہے۔ فلوریڈا میں منایا گیا یہ جشن اسی کامیابی پر دیارِ غیر میں بسنے والے پاکستانیوں کے جوش، جذبے اور قومی یکجہتی کا مظہر تھا۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter