پاکستان کے نوجوان کرکٹر صائم ایوب نے آئی سی سی کی نئی ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں شاندار پیش رفت کرتے ہوئے دنیا کے نمبر ون آل راؤنڈر کا اعزاز حاصل کر لیا ہے۔ صائم ایوب نے چار درجے ترقی کرتے ہوئے بھارت کے ہاردیک پانڈیا سے پہلی پوزیشن چھین لی، جو اب دوسرے نمبر پر آ گئے ہیں۔
پاکستان کے دیگر آل راؤنڈرز میں بھی نمایاں بہتری دیکھنے کو ملی ہے۔ محمد نواز چار درجے بہتری کے بعد 13ویں اور فہیم اشرف بھی اتنی ہی بہتری کے بعد 35ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔
ٹی ٹوئنٹی بولرز رینکنگ میں بھارت کے ورون چکرورتی بدستور سرفہرست ہیں۔ پاکستان کے ابرار احمد تین درجے تنزلی کے بعد اب ساتویں نمبر پر آ گئے ہیں۔ بھارت کے کلدیپ یادیو 9 درجے ترقی کے بعد 12ویں پوزیشن پر آ گئے ہیں، جب کہ پاکستان کے شاہین شاہ آفریدی نے 12 درجے بہتری کے ساتھ 14ویں پوزیشن حاصل کی ہے۔
پاکستانی بولرز میں سفیان مقیم تین درجے نیچے آ کر 19ویں، حارث رؤف پانچ درجے تنزلی کے بعد 33ویں اور محمد نواز پانچ درجے ترقی کے بعد 41ویں نمبر پر آ گئے ہیں۔ بھارت کے جسپریت بمرا 12 درجے ترقی کے بعد 29ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔
سعید انور بننا تھا، یہ تو سعید اجمل بن گیا ،صائم ایوب پر شائقین کے دلچسپ تبصرے
ٹی ٹوئنٹی بیٹرز کی رینکنگ میں بھارت کے ابھیشک شرما کا پہلا نمبر برقرار ہے، جب کہ سری لنکا کے پاتھم نسانکا دو درجے ترقی کر کے پانچویں نمبر پر آ گئے ہیں۔ بھارت کے کپتان سوریا کمار یادیو دو درجے نیچے آ کر آٹھویں نمبر پر چلے گئے ہیں۔
پاکستان کے صاحبزادہ فرحان نے 11 درجے لمبی چھلانگ لگاتے ہوئے 13ویں نمبر پر جگہ بنا لی ہے۔ بھارت کے سنجو سیمسن 8 درجے ترقی کے ساتھ 31ویں نمبر پر اور بنگلہ دیش کے سیف حسن 45 درجے ترقی کے بعد 36ویں نمبر پر آ گئے ہیں۔
دوسری جانب پاکستان کے معروف بیٹرز کی رینکنگ میں کمی واقع ہوئی ہے۔ بابر اعظم دو درجے تنزلی کے بعد 37ویں، محمد رضوان تین درجے نیچے جا کر 41ویں اور فخر زمان چھ درجے بہتری کے بعد 60ویں نمبر پر آ گئے ہیں۔