فٹبال اسٹار کرسٹیانو رونالڈو نے اپنی گرل فرینڈ جارجینا روڈریگز کو شادی کی پیشکش کردی، اوول کٹ ڈائمنڈ انگوٹھی کی مالیت 4 ملین ڈالر سے زائد بتائی گئی۔
ریاض ،فٹبال لیجنڈ کرسٹیانو رونالڈو نے اپنی طویل عرصے کی گرل فرینڈ، ہسپانوی ماڈل جارجینا روڈریگز کو شادی کی پیشکش کر دی۔
31 سالہ جارجینا نے انسٹاگرام پر رونالڈو کے ساتھ ایک تصویر شیئر کی جس میں وہ قیمتی اوول کٹ ڈائمنڈ انگوٹھی پہنے نظر آرہی ہیں۔ پوسٹ کے کیپشن میں انہوں نے لکھاکہ میں ہاں کرتی ہوں، اس زندگی میں بھی اور اپنی تمام زندگیوں میں بھی۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق یہ انگوٹھی 4 ملین امریکی ڈالر سے زائد مالیت کی ہے۔ خیال رہے کہ اس سے قبل بھی جارجینا متعدد مواقع پر انگوٹھی کی تصاویر کے ساتھ مبہم پیغامات پوسٹ کر چکی ہیں، جس سے ان کی منگنی کی قیاس آرائیاں گردش میں رہی ہیں۔
کرسٹیانو رونالڈو کا سعودی عرب میں مستقل رہائش کا فیصلہ: “یہی ہمارا گھر ہے”
میڈیا رپورٹس کے مطابق رونالڈو نے 2020 میں بھی جارجینا کو مشہور برانڈ کارٹیئر کی انگوٹھی تحفے میں دی تھی، جس کی قیمت تقریباً 6 لاکھ 15 ہزار پاؤنڈز تھی۔
کرسٹیانو رونالڈو اور جارجینا 2016 سے ساتھ ہیں اور ان کی دو بیٹیاں، 7 سالہ عالیانہ اور 2 سالہ بیلا ہیں، جبکہ رونالڈو کے مجموعی طور پر 5 بچے ہیں۔