ریاض: عالمی شہرت یافتہ پرتگالی فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو نے اپنی زندگی سعودی عرب میں گزارنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اور ان کا خاندان یہاں خود کو "گھر جیسا” محسوس کرتے ہیں۔
النصر کلب کی جانب سے جاری ایک ویڈیو پیغام میں رونالڈو نے کہا کہ سعودی عرب ایک محفوظ، پُرامن اور گرم جوش ملک ہے، جہاں انہیں رہنے میں مکمل سکون مل رہا ہے۔ "میرا خاندان میرے ہر فیصلے میں میرے ساتھ کھڑا ہوتا ہے، اور ہم یہاں بے حد خوش ہیں۔ اسی لیے ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ اب باقی زندگی یہیں بسر کریں گے۔”
40 سالہ رونالڈو نے 2022 کے اختتام پر مانچسٹر یونائیٹڈ کو چھوڑ کر سعودی کلب النصر سے معاہدہ کیا تھا، جسے حال ہی میں 2027 تک توسیع دی گئی ہے۔ انہوں نے اپنے بیان میں بتایا کہ وہ النصر کے ساتھ بڑے اعزازات جیتنے کے مشن پر ہیں اور اسی لیے انہوں نے امریکا میں جاری فیفا کلب ورلڈ کپ میں شرکت کی پیشکش کو رد کیا تاکہ مکمل آرام اور تیاری ممکن ہو سکے۔
رونالڈو نے سعودی پرو لیگ کو دنیا کی پانچ بہترین فٹبال لیگز میں شمار کرتے ہوئے کہا کہ 2034 کا فیفا ورلڈ کپ، جس کی میزبانی سعودی عرب کرے گا، تاریخ کا یادگار ترین ایونٹ ہوگا۔
انہوں نے سعودی کلچر اور عوام کی تعریف کرتے ہوئے کہا، "یہاں کے لوگ بہت محبت کرنے والے اور خوش اخلاق ہیں۔ ہم نے یہاں خود کو خوش قسمت پایا ہے، اور یہی ہماری نئی زندگی کا آغاز ہے۔”