پرتگالی اسٹار کرسٹیانو رونالڈو النصر کے لیے 100 گولز مکمل کرنے والے پہلے کھلاڑی بن گئے، چار مختلف کلبز کے لیے 100+ گول کرنے کا منفرد اعزاز بھی حاصل کیا، تاہم النصر کو سعودی سپر کپ فائنل میں الاہلی سے شکست ہوئی۔
پرتگال کے اسٹار فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو نے نئی تاریخ رقم کرتے ہوئے النصر کے لیے اپنا 100واں گول اسکور کر لیا، تاہم وہ اپنی کلب ٹیم کو سعودی سپر کپ کا فائنل نہ جتواسکے۔
تفصیلات کے مطابق سعودی سپر کپ کے فائنل میں النصر اور الاہلی کلب کے درمیان دلچسپ مقابلہ ہوا، جو پینلٹی شوٹ آؤٹ تک گیا۔ اس سنسنی خیز مقابلے میں الاہلی کلب نے کامیابی حاصل کی جبکہ النصر کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
میچ کے دوران رونالڈو نے اپنی ٹیم کے لیے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 100واں گول اسکور کیا۔ اس سنگ میل کے ساتھ ہی وہ چار مختلف کلبز کے لیے 100 یا اس سے زائد گول کرنے والے دنیا کے پہلے فٹبالر بن گئے ہیں۔
اس سے قبل رونالڈو ریال میڈرڈ، مانچسٹر یونائیٹڈ اور یووینٹس کے لیے بھی 100 سے زائد گول اسکور کر چکے ہیں۔
کرسٹیانو رونالڈو اور میسی ایک ساتھ؟ سعودی پرو لیگ میں تاریخی لمحے کا امکان
کرسٹیانو رونالڈو کے اس ریکارڈ نے انہیں دنیا کے عظیم ترین فٹبالرز میں ایک منفرد مقام دے دیا ہے، تاہم النصر کے شائقین اپنی ٹیم کی فائنل میں شکست پر مایوس نظر آئے۔