راولپنڈی ٹیسٹ کے تیسرے روز جنوبی افریقا نے زبردست کم بیک کرتے ہوئے پہلی اننگز میں 404 رنز بنا کر پاکستان کے خلاف 71 رنز کی اہم برتری حاصل کر لی۔ ٹیل اینڈرز کی عمدہ بیٹنگ نے مہمان ٹیم کو خسارے سے نکال کر برتری دلوائی، جبکہ پاکستان کی بولنگ لائن آخری وکٹیں جلد گرانے میں ناکام رہی۔
تیسرے روز کھیل کے آغاز پر پاکستان کو جلد کامیابی ملی جب آصف آفریدی نے کائل ویرین کو آؤٹ کیا۔ بعد ازاں انہوں نے ٹرسٹن سٹبس اور سائمن ہارمر کو بھی پویلین بھیجا، اور اپنے ڈیبیو میچ کی پہلی اننگز میں 5 وکٹیں حاصل کرنے والے دوسرے لیفٹ آرم اسپنر بن گئے۔
جنوبی افریقی بیٹنگ کی خاص بات ٹرسٹن سٹبس کی 76 رنز کی شاندار اننگز تھی، جبکہ دیگر بیٹرز نے بھی وقفے وقفے سے اسکور میں اضافہ کیا، جس کی بدولت مہمان ٹیم نے 404 رنز بنائے۔
اس سے قبل پاکستان نے پہلی اننگز میں 333 رنز اسکور کیے تھے، جس میں کپتان شان مسعود کی 87 رنز کی اننگز نمایاں رہی، جبکہ سعود شکیل نے 66 اور عبداللہ شفیق نے 57 رنز بنائے۔
جنوبی افریقی اسپنر کیشو مہاراج نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 7 وکٹیں حاصل کیں، جس نے پاکستان کے بڑے اسکور کی امیدوں پر پانی پھیر دیا۔ ان کے ساتھ سائمن ہارمر نے 2 اور کگیسو ربادا نے 1 وکٹ حاصل کی۔
پنڈی ٹیسٹ: پاکستان کی جنوبی افریقا کے خلاف پہلی اننگز میں پراعتماد بیٹنگ جاری
پہلے روز پاکستان نے بیٹنگ کا آغاز کیا تھا اور شروع میں جلدی وکٹیں گرنے کے باوجود درمیانی اوورز میں شان مسعود اور عبداللہ شفیق نے اننگز کو سنبھالا۔ بابر اعظم ایک بار پھر بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے اور صرف 16 رنز بنا سکے۔
واضح رہے کہ یہ ٹیسٹ سیریز کا دوسرا میچ ہے، اور پاکستان پہلے ٹیسٹ میں فتح حاصل کر کے سیریز میں 0-1 کی برتری رکھتا ہے۔ گرین شرٹس اب اس میچ میں کلین سویپ کرنے کی بھرپور کوشش کر رہے ہیں۔
چوتھے روز پاکستان کی دوسری اننگز کا آغاز ہوگا، جہاں بلے بازوں پر بڑی اننگز کھیلنے کی ذمہ داری ہوگی تاکہ جنوبی افریقہ کو ایک مشکل ہدف دیا جا سکے۔