پاکستان سپر لیگ کی ساتویں اور آٹھویں ٹیم کے مالکانہ حقوق کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے باضابطہ طور پر ٹینڈر جاری کر دیا ہے۔ دلچسپی رکھنے والے افراد اور گروپس اپنی بولیاں 15 دسمبر کو صبح 11 بجے تک جمع کروا سکتے ہیں، اور اسی روز بڈز کھولی جائیں گی۔
پی سی بی کے مطابق تکنیکی طور پر کوالیفائی کرنے والے بڈرز اگلے مرحلے میں شامل ہوں گے، جس کے بعد دونوں نئی ٹیموں کے مالکان کا حتمی انتخاب کیا جائے گا۔
پی سی بی نے تصدیق کی ہے کہ پی ایس ایل کی دو نئی ٹیمیں چھ شہروں میں سے منتخب کی جائیں گی، جن میں حیدرآباد، راولپنڈی، فیصل آباد، گلگت، مظفرآباد اور سیالکوٹ شامل ہیں۔ یہ فہرست نئی ٹیموں کی ویلیوایشن رپورٹس کی بنیاد پر حتمی کی گئی ہے۔
بابراعظم کا واضح مؤقف: تنقید کا جواب نہیں، ساری توجہ صرف کرکٹ پر ہے
بورڈ کے مطابق موجودہ پی ایس ایل فرنچائزز اور دیگر تجارتی اثاثوں کی آزادانہ ویلیوایشن بھی مکمل ہو چکی ہے، اور آئندہ 10 سال کے لیے نئی شرائط کے تحت معاہدوں کی تجدید کی آفرز فرنچائزز کو بھیج دی گئی ہیں۔ فرنچائزز کو کہا گیا ہے کہ وہ مقررہ مدت میں اپنے فیصلے سے آگاہ کریں۔
