تاریخ میں پہلی بار ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کا شاندار روڈ شو لندن کے تاریخی لارڈز کرکٹ گراؤنڈ میں منعقد ہوا، جس نے پاکستان کرکٹ کے عالمی تشخص کو نئی جہت دے دی۔ اس منفرد تقریب میں چیئرمین پی سی بی محسن نقوی، سابق کرکٹرز، پی ایس ایل حکام، قومی کھلاڑیوں اور سفارتی نمائندوں نے شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا کہ پی ایس ایل جنوبی ایشیا ہی نہیں بلکہ دنیا کی بہترین لیگز میں شامل ہونے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی سی بی اور پی ایس ایل انتظامیہ کرکٹ کی عالمی سطح پر بہتری کے لیے مل کر کام کر رہی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے اور پی ایس ایل نوجوان کرکٹرز کو بین الاقوامی معیار کے پلیئرز کے ساتھ کھیل کر اپنی صلاحیت نکھارنے کا بہترین موقع فراہم کرتی ہے۔
محسن نقوی نے اس موقع پر پی ایس ایل کے اگلے سائیکل کی نئی بڈنگ کو مکمل طور پر اوپن، شفاف اور جدید طریقہ کار کے مطابق کرانے کا اعلان کیا۔ انہوں نے بتایا کہ اسلام آباد میں ایک جدید کرکٹ اسٹیڈیم تعمیر کیا جا رہا ہے جبکہ ہر نئے اسٹیڈیم میں موسیقی اور تفریح کے انتظامات بھی شامل ہوں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جلد ہی پاکستان کرکٹ کا اپنا او ٹی ٹی پلیٹ فارم بھی لانچ کر دیا جائے گا، جبکہ امریکا کے شہر نیویارک میں بھی جلد پی ایس ایل روڈ شو کا انعقاد کیا جائے گا۔
پی سی بی کا لندن میں پی ایس ایل روڈ شو کا اعلان
تقریب کے دوران پی ایس ایل کے سی ای او سلمان نصیر نے کہا کہ لارڈز میں اس پروگرام کا انعقاد پاکستان کرکٹ کے لیے بڑی کامیابی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ دو نئی فرنچائزز کے لیے بڈز اوپن کر دی گئی ہیں، اور پاکستان دنیا بھر میں کرکٹ کی ترویج کے لیے بھرپور کردار ادا کر رہا ہے۔
سابق کپتان وسیم اکرم نے پینل گفتگو میں کہا کہ پی ایس ایل عالمی معیار کے کرکٹرز کے ساتھ مقامی ٹیلنٹ کو ابھارنے کا سنہری پلیٹ فارم ہے۔
رمیز راجہ نے کہا کہ پی ایس ایل نے پاکستان کرکٹ کو نئی شناخت دی ہے اور نوجوان کرکٹرز کو بین الاقوامی سطح پر کھیلنے کا اعتماد دیا ہے۔
قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا کہ بڑے کھلاڑیوں کی رہنمائی نے ہمیشہ ان کی مدد کی ہے، اور وہ خود بھی اب نوجوان کھلاڑیوں کو اپنے تجربات منتقل کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔
فاسٹ بولر حارث رؤف نے کہا کہ پی ایس ایل نے ان کے کیریئر کا رخ بدل دیا اور یہ لیگ کھلاڑیوں کی زندگیوں میں اہم موڑ ثابت ہوتی ہے۔
ہائی کمشنر پاکستان ڈاکٹر محمد فیصل نے تقریب کو "کھیل سفارتکاری کی بہترین مثال” قرار دیا۔
