لندن میں شاندار پذیرائی حاصل کرنے کے بعد پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی سرگرمیاں اب امریکا منتقل ہو گئی ہیں، جہاں آج نیویارک میں پہلی بار پی ایس ایل روڈ شو منعقد کیا جا رہا ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق اس ایونٹ کی تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں اور اسے لیگ کی عالمی تشہیر کے لیے ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔
پی سی بی کے چیئرمین محسن نقوی بھی نیویارک پہنچ چکے ہیں۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ وہ اللّٰہ تعالیٰ کے شکر گزار ہیں کہ پی ایس ایل آج بین الاقوامی سطح پر پہچان حاصل کر چکی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جس طرح لندن میں روڈ شو کو غیر معمولی کامیابی ملی، اسی طرح نیویارک میں بھی مثبت نتائج کی امید ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق نیویارک روڈ شو میں امریکی اور اوورسیز پاکستانی سرمایہ کاروں کی بڑی تعداد شرکت کرے گی، جو پی ایس ایل میں سرمایہ کاری اور مستقبل کے امکانات میں دلچسپی رکھتے ہیں۔ پی سی بی حکام کا کہنا ہے کہ امریکا میں پی ایس ایل کی مقبولیت میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔
اس ایونٹ میں شرکت کے لیے کئی معروف قومی کرکٹرز بھی امریکا پہنچ گئے ہیں، جن میں سلمان علی آغا، شان مسعود، سعود شکیل، صائم ایوب، فہیم اشرف اور ابرار احمد شامل ہیں۔ ان کھلاڑیوں کی موجودگی شائقین اور سرمایہ کاروں کے لیے خصوصی کشش کا باعث سمجھی جا رہی ہے۔
لارڈز میں پی ایس ایل کا تاریخی روڈ شو، پاکستان کرکٹ کے عالمی سفر میں نیا سنگِ میل
اس کے علاوہ سی ای او پی ایس ایل سلمان نصیر، سابق قومی کپتان رمیز راجہ، لیجنڈری فاسٹ بولر وسیم اکرم اور معروف گلوکار علی ظفر بھی نیویارک میں موجود ہیں۔ روڈ شو میں پی ایس ایل کی کامیابیوں، مستقبل کے منصوبوں اور لیگ کی عالمی مارکیٹنگ پر روشنی ڈالی جائے گی۔
پی ایس ایل کا نیویارک روڈ شو 13 دسمبر کو مقامی وقت کے مطابق شام چار بجے منعقد ہو گا، جسے لیگ کی تاریخ میں ایک اہم سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے۔
