جمعرات, 8 مئی , 2025

ملتان سلطانز کی مسلسل تیسری شکست، کوچ جولین ووڈ کی کارکردگی پر مایوسی کا اظہار

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 10 میں ملتان سلطانز کی مشکلات کم ہونے کا نام نہیں لے رہیں۔  پشاور زلمی کے خلاف 7 وکٹوں کی واضح شکست کے بعد ٹیم کے بیٹنگ کوچ جولین ووڈ نے کھلے الفاظ میں ٹیم کی کارکردگی پر مایوسی کا اظہار کیا ہے۔

ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے ایونٹ کے 25ویں میچ کے بعد پریس کانفرنس میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ٹیم نے اپنی صلاحیت کے مطابق نتائج نہیں دیے۔

latest urdu news

جولین ووڈ کا کہنا تھا، "ابتدائی چند اوورز میں ہی ہماری 4 سے 5 وکٹیں گر گئیں، جس سے ہم میچ میں اپنی گرفت قائم نہیں رکھ سکے۔ یہی کمزوری ہمیں پورے میچ میں مہنگی پڑی۔” ان کے مطابق ایسی شکستوں کے بعد ٹیم میں تبدیلیاں معمول کی بات ہوتی ہیں، تاہم ہر ٹیم ہر میچ میں غیرمعمولی کارکردگی نہیں دکھا سکتی۔

کوچ نے اعتراف کیا کہ سیزن کے آغاز میں شکست کے بعد ٹیم کا اعتماد بُری طرح متاثر ہوا، جس سے نکلنا آسان نہیں تھا۔ شائقین کرکٹ سے معذرت کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا، "ہم جانتے ہیں کہ ہماری کارکردگی نے مداحوں کو سخت مایوس کیا ہے، اور ہم ان سے دل سے معذرت خواہ ہیں۔ ہم وہ نتائج نہیں دے سکے جو ہم چاہتے تھے۔”

ملتان سلطانز کے لیے پی ایس ایل 10 اب تک کسی ڈراؤنے خواب سے کم نہیں رہا۔ ٹیم کو اب تک ایونٹ میں صرف ایک ہی فتح حاصل ہو سکی ہے، وہ بھی لاہور قلندرز کے خلاف 33 رنز سے۔ باقی تمام میچوں میں ٹیم کو شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

اب سلطانز کو ایونٹ میں اپنا آخری میچ 11 مئی کو کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف کھیلنا ہے، جو نہ صرف ان کے لیے عزت بچانے کا موقع ہو گا بلکہ مداحوں کے اعتماد کو جزوی طور پر بحال کرنے کا بھی ایک موقع فراہم کرے گا۔

شیئر کریں:
frontpage hit counter