اسلام آباد: پاکستان اسپورٹس بورڈ نے بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا نام روشن کرنے والے کھلاڑیوں کے لیے انعامی رقم میں نمایاں اضافہ کرتے ہوئے نئی کیش ایوارڈ پالیسی کا اعلان کر دیا ہے، جسے 34ویں بورڈ اجلاس میں باقاعدہ منظوری دی گئی۔
پالیسی کے تحت اب اولمپکس میں گولڈ میڈل جیتنے والے کھلاڑی کو 3 کروڑ روپے انعام دیا جائے گا، جو کہ پہلے ایک کروڑ تھا۔ سلور میڈل پر اب دو کروڑ اور برانز پر ایک کروڑ روپے دیے جائیں گے، جبکہ پہلے یہ رقم بالترتیب 75 لاکھ اور 50 لاکھ تھی۔
ایشین گیمز کے گولڈ میڈلسٹ کو 1 کروڑ 50 لاکھ روپے ملیں گے، جبکہ سلور اور برانز میڈلسٹ کو بالترتیب 70 لاکھ اور 50 لاکھ روپے دیے جائیں گے۔ کامن ویلتھ گیمز کے گولڈ میڈلسٹ کے انعام کو 50 لاکھ سے بڑھا کر 75 لاکھ کر دیا گیا ہے، جبکہ سلور اور برانز میڈلسٹ کے لیے بالترتیب 50 لاکھ اور 30 لاکھ روپے کی رقم مقرر کی گئی ہے۔
نئی اسپورٹس پالیسی کے مطابق ورلڈ چیمپئن شپ جیتنے پر 75 لاکھ روپے اور اسنوکر کی عالمی چیمپئن شپ جیتنے پر 15 لاکھ روپے انعام دیا جائے گا۔ ایشین اسنوکر چیمپئن شپ جیتنے والوں کو 7.5 لاکھ روپے ملیں گے۔
اسکواش میں برٹش اوپن یا اس کے مساوی سطح کے ایونٹس جیتنے پر کھلاڑی کو ایک کروڑ روپے انعام دیا جائے گا، جبکہ جونیئر اسکواش چیمپئنز کو بھی 50 لاکھ روپے تک انعام دیا جائے گا۔
حکام کے مطابق، اس اقدام کا مقصد کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی اور بین الاقوامی سطح پر بہتر کارکردگی کو فروغ دینا ہے، تاکہ پاکستان دوبارہ اسپورٹس کے میدان میں نمایاں مقام حاصل کر سکے۔