ویسٹ انڈیز کے مایہ ناز اور جارح مزاج آل راؤنڈر کیرون پولارڈ نے ٹی20 کرکٹ میں نئی تاریخ رقم کر دی ہے۔ وہ ٹی20 فارمیٹ میں 700 میچز کھیلنے والے دنیا کے پہلے کرکٹر بن گئے ہیں۔ یہ کارنامہ انہوں نے امریکا میں جاری میجر لیگ کرکٹ (ایم ایل سی) کے دوران ایم آئی نیویارک کی نمائندگی کرتے ہوئے سرانجام دیا۔
37 سالہ پولارڈ نے اپنا 700 واں میچ سان فرانسسکو الیون کے خلاف کھیلا، جہاں انہوں نے شاندار آل راؤنڈ کارکردگی دکھائی۔ پولارڈ نے 16 گیندوں پر 34 رنز ناٹ آؤٹ بنائے اور بولنگ میں بھی دو اہم وکٹیں حاصل کیں۔ تاہم ان کی یہ کارکردگی ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکی۔ ایم آئی نیویارک کو 246 رنز کے بڑے ہدف کے تعاقب میں 47 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
کیرون پولارڈ کا یہ ریکارڈ ٹی20 کرکٹ کی دنیا میں ایک سنگ میل ہے، جسے ابھی تک کوئی اور کھلاڑی عبور نہیں کر سکا۔ انہوں نے اپنے کیریئر میں دنیا بھر کی مختلف لیگز میں شرکت کر کے خود کو ایک مستقل اور مؤثر ٹی20 آل راؤنڈر کے طور پر منوایا ہے۔
پولارڈ کی یہ کامیابی نہ صرف ویسٹ انڈیز بلکہ عالمی کرکٹ کے لیے ایک اہم لمحہ ہے، اور یہ ظاہر کرتی ہے کہ مستقل مزاجی، فٹنس اور فارم کس طرح کھلاڑی کو طویل عرصے تک کھیل میں برقرار رکھ سکتی ہیں۔