ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی کے دوران گراؤنڈ کے اندر پیش آنے والے واقعات نے ایک اور تنازع کو جنم دے دیا ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے بھارتی فاسٹ بولر ارشدیپ سنگھ کے خلاف انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) میں باضابطہ شکایت درج کرادی ہے۔
پی سی بی ذرائع کے مطابق ارشدیپ سنگھ نے پاکستان کے خلاف میچ کے دوران تماشائیوں کی طرف نازیبا اشارے کیے، جو کہ کھیل کی ساکھ اور اسپورٹس مین اسپرٹ کے منافی ہیں۔
پی سی بی نے اپنے مؤقف میں کہا ہے کہ بھارتی بولر کے اس رویے نے نہ صرف شائقین کرکٹ کو مشتعل کیا بلکہ کھیل کی عالمی سطح پر ساکھ کو بھی نقصان پہنچایا، لہٰذا آئی سی سی کو اس واقعے پر فوری کارروائی کرنی چاہیے۔
بھارت کی آئی سی سی سے پاکستانی کھلاڑیوں کیخلاف شکایت
یاد رہے کہ اس سے قبل بھی ایشیا کپ میں پیش آنے والے کئی واقعات پر تنازع کھڑا ہو چکا ہے۔ بھارتی کپتان سوریا کمار یادیو اور پاکستانی فاسٹ بولر حارث رؤف پر میچ فیس کا 30 فیصد جرمانہ عائد کیا گیا تھا جبکہ قومی اوپنر صاحبزادہ فرحان کو صرف تنبیہہ دی گئی تھی۔ تاہم آئی سی سی نے ان فیصلوں کا باضابطہ اعلان ابھی تک نہیں کیا۔