پاکستان کرکٹ بورڈ نے لاہور، کراچی اور ملتان میں کرکٹ اکیڈمیز کو مکمل طور پر فعال کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
ذرائع کے مطابق ان تینوں شہروں کی اکیڈمیز میں پورا سال مختلف تربیتی پروگرامز کا انعقاد کیا جائے گا، جن میں خاص طور پر ایج گروپ پاتھ وے پروگرام کو ترجیح دی جائے گی۔ نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں کھلاڑیوں کی بینچ اسٹرینتھ پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ نمایاں کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کو نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں شامل کرکے کوچز ان کی صلاحیتوں کو نکھاریں گے۔
ملتان کی اکیڈمی میں انڈر 19 کھلاڑیوں کی تیاری پر کام ہوگا تاکہ انہیں آئندہ ورلڈ کپ کے لیے تیار کیا جا سکے، جبکہ کراچی میں خواتین کرکٹرز اور دیگر ممکنہ کھلاڑیوں کو تربیت دی جائے گی۔
اطلاعات کے مطابق خواتین کرکٹرز کو رواں سال ہونے والے ورلڈ کپ اور آئندہ سال کے ٹی 20 ورلڈ کپ کے لیے خصوصی تربیت فراہم کی جائے گی۔
ذرائع یہ بھی بتاتے ہیں کہ سابق کرکٹر عاقب جاوید ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس کا منصب سنبھالنے کے لیے مضبوط امیدوار تصور کیے جا رہے ہیں۔