پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم نے آئی سی سی ویمنز ورلڈکپ 2025 میں بغیر کوئی میچ جیتے سب سے پہلے ٹورنامنٹ سے باہر ہونے والی ٹیم کا شرمناک ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔
کولمبو میں جنوبی افریقا کے خلاف اہم میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، تاہم دوسرے ہی اوور میں بارش نے میچ روک دیا۔ موسم کی خرابی کے باعث میچ کو پہلے 40 اوورز فی اننگز تک محدود کیا گیا۔
جنوبی افریقا نے 40 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 312 رنز کا پہاڑ جیسا اسکور کھڑا کیا۔ کپتان لورا وولوارڈٹ نے 90، مریزانے کیپ نے ناقابل شکست 68، اور سونے لوس نے 61 رنز بنائے۔ پاکستان کی طرف سے سعدیہ اقبال اور نشرہ سندھو نے 3،3 وکٹیں جبکہ فاطمہ ثناء نے ایک وکٹ حاصل کی۔
دوسری اننگز شروع ہونے سے قبل بارش دوبارہ ہوئی اور میچ کو مزید محدود کرتے ہوئے پاکستان کو 20 اوورز میں 234 رنز کا ہدف دیا گیا، جو کہ ایک مشکل ٹاسک تھا۔
پاکستانی ٹیم اس ہدف کے تعاقب میں مکمل طور پر ناکام رہی اور مقررہ 20 اوورز میں صرف 83 رنز ہی بناسکی۔ ٹیم کی جانب سے سدرہ نواز 22 رنز کے ساتھ نمایاں رہیں، نتالیہ پرویز نے 20 اور سدرہ امین نے 13 رنز بنائے۔
جنوبی افریقا کی مریزانے کیپ نے 3 وکٹیں، شنگاسے نے 2، اور آیابونگا خاکا نے ایک وکٹ حاصل کی۔
اس شکست کے بعد پاکستان ٹیم نہ صرف سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہوئی بلکہ ویمنز ورلڈکپ کی تاریخ میں پہلی ٹیم بن گئی جو ایک بھی میچ جیتے بغیر ٹورنامنٹ سے باہر ہوئی۔ یہ کارکردگی پاکستانی ویمن کرکٹ کے لیے لمحہ فکریہ ہے۔