پاکستان کرکٹ ٹیم کو بنگلہ دیش کے خلاف تین میچوں پر مشتمل ٹی 20 سیریز میں پہلی بار شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
شیرِ بنگلہ نیشنل اسٹیڈیم، ڈھاکا میں کھیلے گئے دوسرے ٹی 20 میچ میں میزبان ٹیم نے گرین شرٹس کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 8 رنز سے شکست دے کر سیریز 0-2 سے اپنے نام کر لی۔
بنگلہ دیش نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان کو 134 رنز کا ہدف دیا، جس کے تعاقب میں قومی ٹیم 125 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ پاکستان کی جانب سے فہیم اشرف نے 51 رنز کی مزاحمتی اننگز کھیلی، لیکن دیگر بلے باز مکمل طور پر ناکام رہے۔
بنگلہ دیش کے جاکر علی 55 اور مہدی حسن 33 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے، جبکہ پاکستان کے احمد دانیال، عباس آفریدی اور سلمان مرزا نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔
پاکستانی اننگز کا آغاز انتہائی مایوس کن رہا۔ صائم ایوب صرف 1 رن پر رن آؤٹ ہوئے، جبکہ فخر زمان (8)، محمد حارث، حسن نواز اور محمد نواز بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔ کپتان سلمان علی آغا بھی صرف 9 رنز تک محدود رہے۔
بنگلہ دیش کی جانب سے شریف الاسلام نے 3، جبکہ تنزیم حسن ثاقب اور مہدی حسن نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔
اس میچ سے قبل بنگلہ دیش نے پہلے ٹی 20 میں بھی پاکستان کو 7 وکٹوں سے شکست دی تھی، یوں مہمان ٹیم نے سیریز میں واپسی کا موقع ضائع کر دیا۔
یاد رہے کہ اس سیریز سے قبل پاکستان نے بنگلہ دیش کے خلاف 23 میں سے 19 ٹی 20 میچز جیت رکھے تھے، تاہم حالیہ کارکردگی نے ماضی کے ریکارڈ کو پس منظر میں دھکیل دیا ہے۔