پاکستان ہاکی ٹیم ایف آئی ایچ ہاکی ورلڈ کپ 2026 کے لیے کوالیفائی کرنے کی غرض سے آئندہ سال مصر میں ہونے والے ورلڈ کپ کوالیفائر میں شرکت کرے گی۔ یہ کوالیفائر ایونٹ مارچ 2026 میں مصر میں منعقد ہوگا، تاہم عالمی ہاکی فیڈریشن (ایف آئی ایچ) کی جانب سے تاحال مقابلوں کی حتمی تاریخوں کا اعلان نہیں کیا گیا۔
ایف آئی ایچ ہاکی ورلڈ کپ 2026 کی میزبانی جرمنی اور نیدرلینڈز مشترکہ طور پر کریں گے، جہاں دفاعی چیمپئن جرمنی اپنے اعزاز کا دفاع کرے گی۔ چار مرتبہ ورلڈ کپ جیتنے والی قومی ہاکی ٹیم کو ورلڈ کپ کوالیفائر کے پول ‘بی’ میں شامل کیا گیا ہے، جو ایک انتہائی مضبوط گروپ تصور کیا جا رہا ہے۔
پول ‘بی’ میں پاکستان کے ساتھ انگلینڈ، آسٹریلیا، میزبان مصر، ملائیشیا، امریکا، جاپان اور چین جیسی مضبوط ٹیمیں شامل ہیں۔ اس مرحلے پر سخت مقابلے متوقع ہیں، جہاں سے چار ٹیمیں ایف آئی ایچ ہاکی ورلڈ کپ 2026 کے لیے کوالیفائی کریں گی۔
ورلڈ کپ کوالیفائر سے قبل پاکستان ہاکی ٹیم اپنی تیاریوں کے سلسلے میں ایف آئی ایچ پرو لیگ 2025-26 کے دوسرے مرحلے میں بھی حصہ لے گی۔ قومی ٹیم، کپتان عماد شکیل بٹ کی قیادت میں، آسٹریلیا کے شہر ہوبارٹ میں عالمی چیمپئن جرمنی اور میزبان آسٹریلیا کے خلاف 10 سے 14 فروری 2026 کے دوران چار میچز کھیلے گی۔ یہ میچز پاکستان ٹیم کے لیے ورلڈ کپ کوالیفائر سے قبل قیمتی بین الاقوامی تجربہ حاصل کرنے کا اہم موقع ہوں گے۔
پرو ہاکی لیگ میں پاکستان کا پہلا میچ ناکام، نیدرلینڈز نے 5-2 سے شکست دے دی
واضح رہے کہ پاکستان ہاکی ٹیم نے ماضی میں چار مرتبہ ایف آئی ایچ ہاکی ورلڈ کپ جیتنے کا اعزاز حاصل کیا ہے۔ قومی ٹیم نے 1971 میں بارسلونا (اسپین)، 1978 میں بیونس آئرس (ارجنٹائن)، 1982 میں ممبئی (بھارت) اور 1994 میں اولمپئن شہباز سینئر کی قیادت میں سڈنی (آسٹریلیا) میں آخری مرتبہ ورلڈ کپ اپنے نام کیا تھا۔
قومی ہاکی حلقوں کو امید ہے کہ ٹیم اس بار ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کر کے ایک مرتبہ پھر عالمی سطح پر پاکستان ہاکی کی کھوئی ہوئی ساکھ بحال کرنے میں کامیاب ہوگی۔
