پاکستان کرکٹ بورڈ نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے قومی ٹیم کا 15 رکنی اسکواڈ فائنل کر لیا ہے۔ ذرائع کے مطابق سابق کپتان بابر اعظم کو اسکواڈ میں شامل کر لیا گیا ہے، جبکہ محمد رضوان اور حارث رؤف کو ورلڈ کپ ٹیم کا حصہ نہیں بنایا گیا۔
نجی ٹی وی کے مطابق ابھرتے ہوئے بلے باز خواجہ نافع کو بھی اسکواڈ میں جگہ مل گئی ہے۔ بیٹنگ لائن اپ میں سلمان علی آغا، صاحبزادہ فرحان، صائم ایوب اور فخر زمان شامل ہوں گے، جبکہ آل راؤنڈرز میں شاداب خان، فہیم اشرف اور محمد نواز ٹیم کا حصہ ہوں گے۔
بولنگ ڈیپارٹمنٹ میں اسپنر ابرار احمد اور عثمان خان کو شامل کیا گیا ہے، جبکہ فاسٹ بولنگ کی ذمہ داری شاہین شاہ آفریدی اور نسیم شاہ سنبھالیں گے، جن کی شمولیت کو حتمی قرار دیا جا رہا ہے۔
آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کا شیڈول جاری، پاک بھارت میچ 15 فروری کو کولمبو میں ہوگا
ذرائع کا کہنا ہے کہ عثمان طارق اور سلمان مرزا کو بھی ورلڈ کپ اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے، جبکہ وسیم جونیئر، عبدالصمد اور حسن علی کو ریزرو کھلاڑیوں کی فہرست میں رکھا گیا ہے۔
قومی ٹیم کے حتمی اسکواڈ کے اعلان کے بعد کرکٹ حلقوں میں مختلف ردعمل سامنے آ رہے ہیں، خاص طور پر محمد رضوان اور حارث رؤف کی عدم شمولیت کو ایک بڑا فیصلہ قرار دیا جا رہا ہے۔
